Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سُپر لیگ 6: ایک کھلاڑی کورونا کا شکار

ایک اور کھلاڑی اور آفیشل کو ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر تین روز کے لیے قرنطینہ کر دیا گیا ہے (فوٹو: وکی میڈیا)
پاکستان سپر لیگ 6 کے آغاز سے قبل ہی ایک کھلاڑی کا کورونا وائرس کا شکار ہوگیا ہے جبکہ ایک کھلاڑی اور ایک آفیشل کو سنیچر کے روز کراچی میں وبا کے ضوابط کی خلاف ورزی پر قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ایک فرنچائز کا کھلاڑی جو کہ آئسولیشن میں تھا کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق ہوئی ہے۔‘

 

’یہ کھلاڑی آئندہ 10 روز تک قرنطینہ میں رہے گا اور اپنی میں شمولیت اختیار کرنے کے لیے اس کے دو کورونا ٹیسٹ منفی آنا ضروری ہیں۔‘
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس کھلاڑی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ایک اور کھلاڑی اور آفیشل کو ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر تین روز کے لیے قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
یہ دونوں جمعے کے روز پی ایس ایل کے بائیو سکیور ببل کے باہر ایک شخص سے رابطے میں آئے تھے۔
پی سی بی کے مطابق ’یہ کھلاڑی اور آفیشل اب تین روز تک قرنطینہ میں رہیں گے اور بائیو سکیور ببل میں جانے کے لیے ری اینٹری پروٹوکولز کے تحت اس دوران ان کے دو کووڈ منفی ٹیسٹ آنا ضروری ہیں۔‘
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ’یہ بات مایوس کُن ہے کہ دو افراد نے بے پروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بائیو سکیور ببل پروٹوکولز کی خلاف ورزی کی۔‘

پی سی بی کی جانب سے کورونا کا شکار ہونے والے کھلاڑی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی (فوٹو: پی سی بی)

’اس سے قبل بھی اس بات پر زور دیا گیا تھا کہ پی ایس ایل سے وابستہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سلامتی ہماری سب سے اہم ترجیح ہے۔‘
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا میلہ آج سنیچر سے کراچی میں شروع ہو رہا ہے جو کہ کراچی اور لاہور میں 22 مارچ تک جاری رہے گا۔
پی ایس میں چھ فرنچائزز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ایونٹ میں کراچی کنگز اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔
اس ایونٹ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے 20 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت دے رکھی ہے۔

شیئر: