Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کے شیئرز میں گراوٹ، سخت مقابلے کا سامنا

نیٹ فلکس نے ریکارڈ ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کا منافع ظاہر کیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
دنیا کی بڑی آن لائن ویڈیو سٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کے شیئرز کی قمیت میں کمی ہوئی ہے۔
گزشتہ برس کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن میں نیٹ فلکس کی سبسکرپشن میں ریکارڈ اضافہ ہوا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نیٹ فلکس کا ریونیو سال کی پہلی سہ ماہی میں گزشتہ برس کے اسی دورانیے کے مقابلے میں 24 فیصد بڑھا ہے تاہم ممبرشپ متوقع 208 ملین سے کم فروخت ہوئی۔

 

کمپنی کی سہ ماہی کمائی کی رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں نئے سبسکرائبر میں دو ملین کے لگ بھگ اضافہ ہوا جو نیٹ فلکس کے اندازوں سے بہت کم ہے۔
کمپنی کے ایگزیکٹیوز نے بیان میں کہا ہے کہ 'ہم سمجھتے ہیں کہ ممبر شپ کم بڑھنے کی وجہ کورونا کے باعث نئی پروڈکشن میں تاخیر اور نیٹ فلکس پر نئے مواد کی دستیابی میں سست روی ہے جو گزشتہ چھ ماہ میں ہوئی۔'
نیٹ فلکس نے سبسکرپشن کی قیمت بڑھا کر سات ارب 20 کروڑ ڈالر کے ریونیو پر ریکارڈ ایک ارب ستر کروڑ ڈالر کا منافع حاصل کیا تھا۔
سیلیکون ویلی میں قائم کمپنی نے کہا ہے کہ رواں سال نئے شوز اور سیریز آنے کی وجہ سے سبسکرائبرز کی تعداد بڑھنے کی توقع ہے۔
نیٹ فلکس کے چیف ایگزیکٹو ریڈ ہیسٹنگز نے کہا ہے کہ گزشتہ دس برس میں ہم نے بہت آہستگی اور آرام دہ طور پر آگے کا سفر کیا۔ 'اس وقت کچھ ڈگمگا رہے ہیں۔'
نیٹ فلکس کے ایگزیکٹیوز نے کہا تھا کہ عالمی وبا کے دوران گھروں پر رہنے کی وجہ سے بہت سے ایسے لوگوں نے آن لائن سٹریمنگ کی سبسکریشن لی جو عام حالات میں عرصے بعد اس طرف آتے۔
نیٹ فلکس کی کمائی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 'ہم اگلے چھ ماہ میں نئے سیزنز اور کچھ بڑی فلموں کے ساتھ زیادہ بہتری کی توقع رکھتے ہیں۔'
کمپنی کے مطابق رویتی ٹیلی ویژن سے نیٹ فلکس جیسے آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم کی جانب لوگوں کا واضح رجحان ہے۔
تاہم نیٹ فلکس کو اب اس میدان میں ڈزنی، امازون اور دیگر آن لائن سٹریمنگ سروسز سے مقابلے کا سامنا ہے۔
نیٹ فلکس نے کہا ہے کہ نئی سے نئی سٹریمنگ سروسز آ رہی ہیں جو ہمارے اس ویژن کو آگے بڑھا رہی ہیں کہ آہستگی سے لینیئر ٹیلی ویژن بھی سٹریمنگ انٹرٹینمنٹ کو جگہ دے گا۔
'ہم اپنی سروس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں تاکہ نیٹ فلکس ہی بہترین انٹرٹینمنٹ آپشن کے طور پر سامنے رہے۔'
توقع کی جا رہی ہے کہ نیٹ فلکس فلموں اور شوز پر 17 ارب ڈالر خرچ کرے گا جس میں سے زیادہ تر اس کا اوریجنل کانٹینٹ ہوگا۔

شیئر: