Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کچے سے ڈاکو راج کے خاتمے کے لیے ادارے ایک لائن پر‘

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ’رینجرز سندھ پولیس کو جتنا اسلحہ چاہیے دینے کے لیے تیار ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ تمام ادارے ایک لائن و لینتھ پر ہیں کہ کچے کے علاقے سے ڈاکو راج کا خاتمہ کیا جائے۔
کراچی میں آج جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ’وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وہ شکار پور کی صورتحال سے خود نمٹنا چاہتے ہیں لیکن ہمارے رینجرز بھی پوری طرح تیار ہیں۔ جب انہیں ضرورت پڑے گی ہم ان کی حمایت کے لیے حاضر ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا امن و امان صوبے اور مرکز کا مشترکہ مسئلہ ہے کیونکہ یہ انسانی جانوں کا معاملہ ہے اور اس میں صوبے یا مرکز کی بات نہیں ہوتی۔ صوبہ سندھ اور وزارت داخلہ مل کر ان سے نمٹیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سندھ حکومت چاہے تو پورے صوبے میں رینجرز تعینات کرنے کو تیار ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ یہ طے پایا ہے کہ تاوان، اغوا اور قتل میں ملوث ڈاکوؤں کے خلاف مقدمات میں دہشت گردی کی دفعات لگائی جائیں گی اور ان کے کیسز کو سپیڈی عدالتوں میں لگایا جائے گا۔‘

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت چاہے تو پورے صوبے میں رینجرز تعینات کرنے کو تیار ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

سندھ پولیس کو امداد فراہم کرنے کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’رینجرز سندھ پولیس کو جتنا اسلحہ چاہیے دینے کے لیے تیار ہے اور جہاں سندھ حکومت چاہے رینجرز پولیس کے ساتھ بیک ایپ کے لیے کام کرنے کو بھی تیار ہے۔‘
’ہر قسم کے اسلحے سمیت ڈرونز بھی پولیس کو دینے کے لیے تیار ہیں تاکہ اس ڈاکو راج کا جس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر بہت بڑا طوفان اٹھا ہے، خاتمہ کیا جا سکے۔‘
شیخ رشید کا شکار پور کے کچے کے علاقے میں موجود ڈاکوؤں کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’میری اداروں سے میٹنگ ہوئی ان کا بھی خیال یہ ہے کہ کچے کے علاقے میں جو چار پانچ گروہ ہیں ان میں بعض ایسے بھی شامل ہیں جن کی سیاسی دلچسپیاں ہیں۔‘
’ہم نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ پولیس کو صوبائی حکومت خود مختار کرے گی اور بہتر پرفامنس والے لوگوں کو سیاست سے آزاد ہو کر ان کی صلاحیتوں کی بنا پر لگایا جائے گا۔‘

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی موجودگی میں کسی ملک کو بھی فوجی اڈہ نہیں دیا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

وفاقی وزیر داخلہ کا کچے کے علاقے کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’تمام ادارے ایک لائن و لینتھ پر ہیں کہ اس ڈاکو راج سے جو کچے کے علاقے شکار پور اور جیکب آباد میں نافذ ہے، کا خاتمہ کیا جائے اور جو بھی اس میں کوئی بڑا نام ملوث پایا گیا اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔‘
شیخ رشید نے امریکہ کو فضائی اڈے فراہم کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ ’عمران خان کی موجودگی میں امریکہ یا افغانستان میں لڑنے والے 42 ممالک میں سے کسی کو بھی کسی قیمت پر کوئی فوجی اڈہ نہیں دیا جائے گا۔‘
’ہم ایک ذمہ دار ملک ہیں اور افغانستان میں چین، روس، ایران اور پاکستان ایک اکٹھا میکنزم رکھیں گے۔‘
انہوں نے نادرا کے حوالے سے کہا کہ ’نادرا والوں کو بلا کر میں نے خبردار کر دیا ہے کہ صرف نوکریوں سے نہیں جائے گے بلکہ قانون کے تحت وہ افراد جنہوں نے لوگوں کو کراچی میں خاص طور پر تنگ کیا ہے اور کروڑوں روپیہ لوگوں کا لوٹا ہے، جعلی اور غلط شناختی کارڈ بنا کے، ان میں ایسے لوگوں کے بھی شناختی کارڈ تھے جو بعد میں دہشت گردی کے واقعات میں مارے گئے اور دہشت گردی میں ملوث تھے۔‘

شیخ رشید کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ  کہا ہے کہ وہ شکار پور کی صورتحال سے خود نمٹنا چاہتے ہیں۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

’اگلے مہینے کے آٹھ 10 دن تک جھاڑو پھیر دے گے، صاف کر دے گے نادرا کراچی میں جو کرپٹ آفیسر ہیں اور کچھ لوگوں کو وہاں گرفتار بھی کیا گیا ہے۔‘
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے صوبے میں گورنر راج کی تمام افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’نہ کوئی گورنر راج ہے اور نہ ہی عمران خان مرکز کی طرف سے سندھ میں مداخلت کرنا چاہتے ہیں۔‘

شیئر: