Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امتحان سر پر ہوں تو کیسے تیاری کی جائے؟

نیند سے محروم طالب علم امتحانات میں بہترین پرفارمنس نہیں دے سکتے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امتحانات کے قریب آتے ہی ان طلبہ کا پریشان ہونا سمجھ میں آتا ہے جنہوں نے تیاری نہیں کی ہوتی لیکن جنہوں نے تیاری کی ہوتی ہے انہیں یہ خوف گھیر لیتا ہے کہ اتنے سارے مواد کی دوہرائی کیسے کریں۔ آپ کا تعلق پہلے گروپ سے ہو یا دوسرے سے، نیچے کچھ نکات دیے جا رہے ہیں جو دونوں کے لیے مددگار ہو سکتے ہیں۔
گُڈ لگ ایگزیمز نامی ویب سائٹ نے اس حوالے سے ایک مفید رپورٹ شائع کی ہے جس میں وقت کے درست طور پر تقسیم کیے جانے کو کامیابی کی چابی قرار دیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ ضروری نہیں کہ صرف ذہین طلبہ ہی کامیاب ہوں بلکہ وقت کو درست انداز میں بانٹنے والے بھی ایسا کر سکتے ہیں۔
اگرچہ وقت کو منظم کرنا مشکل معلوم ہوتا ہے لیکن ایک بار جب آپ اس پر قابو پا لیں گے تو اس کا فائدہ امتحانات سے ہٹ کر عام زندگی میں بھی ہو گا۔ یہاں معاملہ صرف سکول کی ترجیحات طے کرنے تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ اس میں وقت کو مربوط کرنے کی بھی ضرورت ہے تاکہ اس سے کچھ دوسری ضروریات بھی پوری ہوسکیں ، جیسے دوستوں کے ساتھ باہر جانا یا ٹی وی دیکھنا اور کھیلنا وغیرہ 

وقت کو منظم کرنا

اس کا مطلب یہ ہے کہ وقت پر آپ کا کنٹرول ہو نہ کہ وہ آپ پر کنٹرول رکھے۔ اس کا بنیادی مقصد اور ہدف یہ ہے کہ آپ کے سامنےآنے والے دنوں کی واضح تصویر موجود ہو، کہ آپ نے کیا کیا کرنا ہے۔
ترجیحات طے کرنا
سب سے پہلے اس کام کو ترجیح دیں جس کے لیے زیادہ وقت درکار ہو، اس کے بعد کم اہم اور اس کے بعد اس سے کم اہم، یعنی مشکل مضامین ترجیحات میں اوپر کے نمبرز پر ہوں، اس کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ وقت کے ضیاع کا امکان بہت کم ہو جاتا ہے۔

طلبہ کو چاہیے کہ ترجیحات کی مناسبت سے شیڈول بنائیں (فوٹو: اے ایف پی)

 

شیڈول  بنائیں

ترجیحات طے کرنے کے بعد ایک شیڈول بنائیں جو ان ترجیحات کو منظم کرے۔ بہت سے طلبہ ہفتہ وار چارٹ کا انتخاب کرتے ہیں جس کی مدد سے  مکمل شیڈول آسانی سے چلتا رہتا ہے۔ ہر مضمون کے لیے الگ وقت مختص کرنے کی ضرورت ہوتی ہے ایک مضمون دوسرے سے مختلف ہوتا ہے اس لیے دونوں کے وقت میں فرق ہوگا۔

کیلنڈرکا استعمال

ہفتہ وار منصوبہ بندی  کے علاوہ ایک  ماہانہ کیلنڈر بنانا بھی بہتر ہے تاکہ طالب علم تمام اہم تاریخوں، ڈیڈ لائنز اور امتحانات کے شیڈول سے واقف رہیں اس کے لیے ضروری ہے کہ کیلنڈر یاد دہانی کے طور پر ان کے سامنے ہوں۔ یہ کیلنڈر ان کو اہم تاریخوں کے بارے میں آگاہ کرے گا اور منصوبوں کو ایڈجسٹ کرنے کی سہولت دے گا۔

پلے کارڈز استعمال کریں

انتظار کے وقت پڑھنے کے لیے ہمیشہ کوئی کتاب یا نوٹس ساتھ رکھنا ضروری ہے۔ اس میں سفر کے اوقات، بس سٹیشن، بینک، سپر مارکیٹ، کیفے ٹیریا وغیرہ پر لائن میں انتظار کرنا شامل ہیں۔ پلے کارڈزان عام مقامات پر بھی رکھے جا سکتے ہیں جہاں سے طالب علم گزرتا ہے، جیسے فرج کا دروازہ ، باتھ روم کا آئینہ وغیرہ، تکرار اور بار بار نظر آنے سے چیزیں موثر انداز میں یاد رہتی ہیں۔

طلبہ کے لیے ضروری ہے کہ تمام اہم تاریخوں، ڈیڈ لائنز اور امتحانات کے شیڈول سے واقف رہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

وقت کی منصوبہ بندی میں آرام کا خیال

یادرکھیں ہم ’روبوٹ‘ نہیں ہیں، ہمیں آرام کرنے کے لیے بھی کچھ وقت  مختص کرنا ضروری ہے۔ دوستوں کے ساتھ گھومنا، گھر والوں کو وقت دینا یا کوئی فلم دیکھنا دماغ اور جسم کی بحالی کے لیے ضروری ہے، جس سے مطالعہ مزید موثر ہوتا ہے۔ مناسب نیند لینا بھی ایک ضرورت ہے کیونکہ نیند سے محروم طلبہ اپنے بہترین کام انجام نہیں دے سکتے۔ تعلیم اور ذاتی زندگی کے درمیان توازن بہتر نتائج دیتا ہے۔ اسی طرح مختلف مضامین کی ترتیب کے ساتھ تیاری کے درمیان پانچ، دس منٹ کا وقت بھی مختص کیا جا سکتا ہے۔

شیئر: