Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں مزید 624 تاریخی مقامات آثار قدیمہ کے ریکارڈ کا حصہ

تاریخی مقامات کی تعداد 8176 تک پہنچ گئی ہے۔ (فوٹو ایس پی اے) 
سعودی عرب میں ہیرٹیج کمیشن نے سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران مملکت میں دریافت ہونے والے مزید 624 تاریخی مقامات کو آثار قدیمہ کے قومی ریکارڈ کا حصہ بنایا ہے۔
مملکت کے مختلف علاقوں میں دریافت شدہ تاریخی مقامات کی تعداد 8176 تک پہنچ گئی ہے۔  
العربیہ اور ایس پی اے  کے مطابق کمیشن کے ایگزیکٹیو چیئرمین یاسر الحربش نے بتایا کہ جن نئے تاریخی مقامات کا اندراج کیا گیا ہے ان میں سے 38 کا تعلق مکہ مکرمہ ریجن اور 5 کا مدینہ منورہ سے ہے۔ 
انہوں نے مزید بتایا کہ 48 مقامات کا حائل، 54 کا الجوف،  52 کا عسیر، 35 کا تبوک اور 4 کا حدود شمالیہ سے ہے۔ 
کمیشن کے ایگزیکٹیو چیئرمین کے مطابق  342 مقامات  ایسے  ہیں جو ریاض ریجن میں دریافت ہوئے۔ 25  کا تعلق الشرقیہ، 18 کا قصیم اور تین کا جازان سے ہے۔ 
 ہیرٹیج کمیشن تاریخی مقامات کی دریافت اور اندراج کے بڑے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے بڑے پروگرام پر کام کررہا ہے۔
علاوہ ازیں بوابۃ الدرعیہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور تاریخی ورثے کی محافظ سعودی سوسائٹی نے سعودی عرب میں تاریخی مقامات کے تحفظ اور تاریخی پروگراموں سے متعلق مفاہمتی یادداشت تیار کی ہے۔
اس حوالے سے مطالعات، تجربات کا تبادلہ جبکہ مقامی  لوگوں کو اپنا حصہ ڈالنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔ 

 

شیئر: