Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سرمایہ کاری 10 ارب ڈالر تک بڑھ سکتی ہے: سوڈانی وزیراعظم

سوڈان نے سعودی عرب سے 1.5 بلین ڈالر کی گرانٹ کی دوبارہ منظوری لی ہے( فوٹو ٹوئٹر)
سوڈان کے وزیر اعظم عبداللہ ہمدوک نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے سوڈان میں 3 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ  کیا ہے جو 10 بلین ڈالر تک پہنچ سکتا ہے کیونکہ ملک معاشی بحران سے نکلنے کی کوشش کر رہا ہے۔
عبداللہ ہمدوک نے ایک انٹرویو میں اشارق کو بتایا  کہ ’سعودی عرب کے اپنے آخری دورے میں ولی عہد  شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور 3 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری پر اتفاق کیا اور یہ 10 بلین ڈالر سے تجاوز کر سکتی ہے۔‘
عرب نیوز کے مطابق سوڈان کابینہ امور کے وزیر خالد عمر یوسف نے مارچ میں کہا کہ تھا سعودی عرب نے سوڈان میں سرمایہ کاری کے لیے ایک مشترکہ فنڈ میں 3 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری اور دیگر فریقوں کی حوصلہ افزائی کا عہد کیا ہے۔
سوڈان نے مارچ میں بھی سعودی عرب سے 1.5 بلین ڈالر کی گرانٹ کی دوبارہ منظوری حاصل کی جس کا اعلان اس نے اپریل 2019 میں کیا تھا۔
سوڈان اقتصادی مشکلات کے ساتھ جدوجہد کر رہا ہے جو اپریل 2019 میں صدر عمر البشیر کی برطرفی کے بعد مزید گہری ہو گئی ہے۔
اگست 2019 میں قائم ہونے والی عبوری حکومت نے معیشت کو ٹھیک کرنے کا عزم کیا ہے جو کئی دہائیوں سے امریکی پابندیوں اور عمر البشیر کے دور میں بدانتظامی سے متاثر تھی۔
کورونا کی وبا نے ملک کے معاشی بحران کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
سوڈان نے حالیہ مہینوں میں سخت اصلاحات کا آغاز کیا ہے جس میں ڈیزل اور پٹرول کی سبسڈی کو ختم کرنا اور سوڈانی پاؤنڈ کی منظم فلوٹ کا اعلان کرنا ہے تاکہ بڑے پیمانے پر بلیک مارکیٹ کو روکا جا سکے۔
یہ سخت اقدامات آئی ایم ایف کی حمایت یافتہ اصلاحات کا حصہ تھے تاکہ ملک کو قرض سے نجات کے لیے اہل بنایا جا سکے۔
مرکزی بینک نے جمعرات کو کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی طرف سے عالمی مختص کے ایک حصے کے طور پر سوڈان کو 857 ملین ڈالر سے زیادہ کی رقم ملی ہے۔
مرکزی بینک نے کہا کہ فنڈنگ اسے ’لچکدار منظم فلوٹ پالیسیوں کو نافذ کرنے،زر مبادلہ کی شرح کو مستحکم کرنے اور مجموعی معیشت کو آگے بڑھانے کی اجازت دے گی۔‘

شیئر: