Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

4ٹانگوں والی بچی کا کامیاب آپریشن

لاس اینجلس..... آئیوری کوسٹ میں پیدا ہونے والی ایک ایسی بچی کا کامیاب آپریشن کردیا گیا ہے جو 4ٹانگوں کیساتھ پیدا ہوئی تھی۔ یہ پیچیدہ آپریشن شکاگو کے ایک اسپتال میں ہوا اور اپنی نوعیت کے اعتبار سے انتہائی انوکھا اور منفرد تھا۔ کہا جاتا ہے کہ اس بچی کی 2ٹانگیں تو اصلی تھیں اور 2ٹانگیں اضافی تھیں جو بالعموم جینیاتی خرابی اور ایام حمل میں پیدا ہوجانے والے بعض جسمانی تغیرات کی وجہ سے وجود میں آتے ہیں۔ ڈومینک نامی اس بچی کی عمر 10ماہ ہے۔ دونوں اضافی ٹانگیں الگ کرنے کا آپریشن ایلینوائے کے پارکریگ علاقے میں ایڈوکیٹ چلڈرن اسپتال کے سرجنوں نے انجام دیا۔ اب وہ شکاگو میں ہے اور بڑی تیزی سے پوری طرح صحت یاب ہورہی ہے۔ سردست اسکی دیکھ بھال ایک خاندان نے اپنے ذمہ لے لی ہے اور جب یہ پوری طرح سے صحت مند ہوجائیگی تو اسے واپس اپنے اصل والدین کے پاس بھیجدیا جائیگا۔اسکی نگرانی کرنے والی فیملی اور سرجنوں کو یقین ہے کہ آئندہ زندگی میں اس بچی کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ آپریشن کیلئے وہ صرف پانچ دن اسپتال میں رہی ہے۔ ری کنسٹریکٹو سرجری کے پروفیسر فرینک اے ویکاری کا کہناہے کہ یہ بظاہر جتنا پیچیدہ آپریشن لگ رہا تھا اتنا پیچیدہ اور مشکل ثابت نہیں ہوا مگر پھر بھی سرجنو ںکو ہر ممکن احتیاط برتنے کو کہہ دیا گیا تھا اور اس پر ان لوگوں نے خوب عمل کیا۔ سرجری میں حصہ لینے والی نرسیں بھی کامیاب آپریشن کے بعد بیحد خوش دکھائی دیں اور بعض نے اسے اپنی گود میں لیکر پیار سے اچھالنے کی بھی کوشش کی۔ طبی سائنس یہ کہتی ہے کہ اس قسم کے اضافی اعضاءنامکمل جڑواں بچوں کے ہوتے ہیں جو اصل بچے سے متصل ہوجاتے ہیں۔ نگراں فیملی کا کہناہے کہ جب بچی اپنے گھر چلی جائیگی تو وہ اسے دیکھنے آئیوری کوسٹ بھی جائیں گے اور اسے اپنے گھر میں اپنے لوگوں کے ساتھ خوش و خرم دیکھ کر خوشی ہوگی۔

شیئر: