Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ملٹری اکیڈمی میں بہترین کارکردگی، سعودی کیڈٹ کو انعام

سعودی چیف آف جنرل اسٹاف نے مہمان خصوصی کے طور پرشرکت کی ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے سعودی چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کے طلبہ کی گریجویشن تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پرشرکت کی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق پاکستانی آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے سعودی فورسز کے سربراہ کو پاسنگ آوٹ کی تقریب میں شرکت کی خصوصی دعوت دی تھی۔ تقریب میں افواج پاکستان کے اعلی افسران نے بھی شرکت کی۔
مہمان خصوصی نے پاسنگ آوٹ پریڈ کا بھی معائنہ کیا۔ تقریب میں  ’قائد اعظم ‘ اور ’اعزازی تلوار‘ بھی نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کیڈٹس کو دی گئی۔ 

سعودی عرب کے 23 طلبہ نے پاکستانی عسکری کالج سے ٹریننگ مکمل کی ہے۔( فوٹو ایس پی اے)

تقریب میں امتیازی نمبروں سے پاس ہونے اور بہترین کارکردگی کے حامل کیڈیٹس کو انعامات دیئے گئے جن میں سعودی عرب کے ’رافد الجعید ‘ بھی شامل ہیں۔
رافد الجعید کو دوست ممالک کے بہترین طالب علم کے طور پر انعام سے نوازا گیا۔ 
 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل الرویلی نے ولی عہد اور نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے پاسننگ آوٹ پریڈ کے شرکا کو مبارک باد پیش کی۔

مہمان خصوصی نے پاسنگ آوٹ پریڈ کا بھی معائنہ کیا۔( فوٹو ایس پی اے)

انہوں نے دونوں ممالک کے مابین گہرے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
واضح رہے گریجویشن تقریب میں سعودی عرب کے 23 طلبہ شامل تھے جنہوں نے پاکستانی عسکری کالج سے ٹریننگ مکمل کی ہے۔

شیئر: