Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پانامہ کا فیصلہ آئندہ ہفتے آنیوالاہے،عمران

  لاہور... تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کا فیصلہ آئندہ ہفتے آنے کی امید ہے۔ پوری قوم کو اس فیصلے کا بے چینی سے انتظار ہے۔ پاکستان میں نیا دور شروع ہو گا۔ کوئی تصور نہیں کرسکتا تھا کہ کسی طاقتور شخص کا احتساب کیا جائے گا اور تلاشی ہوگی ۔ یہ نئے دور کی شروعات ہیں۔ لاہور میں جمعہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جوچیزیں کیس میں سامنے آئی ہیں اس سے ثابت ہوگیا کہ ادارے کام نہیں کررہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ قطری خط صرف شریف فیملی کو منی لانڈرنگ کے الزام سے بچانے کے لئے لایا گیا حالانکہ اسحاق ڈار منی لانڈرنگ کا اعتراف کرچکے ہیں۔ سپریم کورٹ میں یہ بھی کہا گیاکہ قطری 25 سال سے بزنس پارٹنر ہے۔ اسے پورٹ قاسم پر200ارب کا ٹھیکہ بھی دیا گیا۔ اپنے بزنس پارٹنر کو ٹھیکہ دینا کرپشن نہیں تو اور کیا ہے ۔ پانامہ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد اس معاملے کو لے کر سپریم کورٹ جائیں گے۔ ایک سوال میں انہوں نے کہا کہ جو شخص شریف فیملی کے لئے منی لانڈرنگ کرتا رہا اسے نیشنل بینک کا سربراہ لگا دیا گیا ۔یہ پورا کرپشن مافیا بنا ہوا ہے۔ ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ حکمران یہ تاثر دیتے ہیں کہ فوج اور حکومت ایک پیج پر ہے لیکن اندرون خانہ امریکہ اور مغرب پیغام دئیے جاتے ہیں کہ ہم ساتھ ہیں لیکن فوج ہمارے کنٹرول میں نہیں۔ حقانی نے کوئی نئی بات نہیں کی صرف اس کی تصدیق کی ہے۔ اس سے پہلے میمو اسکینڈل اور نیوز لیکس بھی یہی کچھ تھا۔ ایک سوال پرانہوںنے کہا کہ زرداری نے درست کہا ہے کہ نیب اسے نہیں پکڑ سکتا کیونکہ نیب غیر جانبدار نہیں ہے۔اسے حکومت کے ٹول کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔ 

شیئر: