Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر قانونی تارکین کو ٹرانسپورٹ فراہم کرنے پر شامی شہری گرفتار

پولیس کے مطابق ’گاڑی سوار یمنی غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرکے آئے تھے۔‘ ( فوٹو: ٹوئٹر)
جازان پولیس نے غیر قانونی تارکین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے پر ایک شامی شہری کو گرفتار کرلیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مذکورہ شخص کو ابو عریش روڈ سکیورٹی فورس نے گرفتار کیا ہے۔
جازان ریجن پولیس نے کہا ہے کہ ’روڈ سکیورٹی فورس نے شک کی بنا پر ایک گاڑی کو روکا جس میں ڈرائیور کے علاوہ چار افراد سوار تھے۔‘
پولیس کے مطابق ’شناختی دستاویزات طلب کرنے پر معلوم ہوا کہ ڈرائیور شامی شہری وطن ہے جس کے پاس اقامہ ہے، تاہم باقی سوار یمنی تارکین ہیں جو غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرکے آئے ہیں۔‘
پولیس نے کہا ہے کہ ’تمام افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔‘
پولیس کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’غیر قانونی تارکین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے پر شامی شہری کو 15سال تک قید اور 10 لاکھ ریال تک کی سزا ہوسکتی ہے۔‘
پولیس نے خبر دار کیا ہے کہ غیر قانونی تارکین کے ساتھ کسی قسم کا تعاون کرنا، انہیں کسی بھی طرح کی سہولت فراہم کرنا یا انہیں ٹھکانہ فراہم کرنا سنگین جرم ہے۔

شیئر: