Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیکس ڈائریکٹری 2019: پاکستان کے کس رکن پارلیمان نے کتنا ٹیکس دیا؟

قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ ٹیکس تحریک انصاف کے رکن نجیب ہارون نے دیا۔ (فوٹو فائل)
پاکستان میں ٹیکس جمع کرنے والے ادارے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ارکان پارلیمان کی ٹیکس تفصیلات جاری کر دی ہے۔
پیر کو ایف بی آر کی جانب سے جاری ٹیکس ڈائریکٹری 2019  اراکین پارلیمان کے ٹیکس تفصیلات پر مشتمل ہے۔
ٹیکس تفصیلات کے مطابق پاکستان کی قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ ٹیکس تحریک انصاف کے رکن نجیب ہارون نے 14 کروڑ 7 لاکھ 49 ہزار 768 روپے ٹیکس دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے 98 لاکھ 54 ہزار 959 روپے کا ٹیکس ادا کیا۔ خیال رہے وزیراعظم کے ٹیکس ادائیگی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ 2018 میں عمران خان نے صرف دو لاکھ 82 ہزار ٹیکس ادا کیا تھا۔ 
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے 82 لاکھ 42 ہزار 662 روپے  اور حمزہ شہباز 71 لاکھ 4 ہزار 209 روپے ٹیکس دیا۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے 22 لاکھ 18 ہزار 229 روپے ٹیکس اور  چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پانچ لاکھ 35 ہزار روپے کا ٹیکس قومی خزانے میں جمع کروایا۔ 
قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے پانچ لاکھ 55 ہزار 794 روپے ٹیکس دیا، ڈپٹی سپیکر قاسم سوری ایک لاکھ 49 ہزار 141 روپے، چیئرمین سینیٹ 13 لاکھ 99 ہزار 327 روپے اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے 40 ہزار 913 روپے کا ٹیکس ادا کیا۔ 
قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ ٹیکس تحریک انصاف کے نجیب ہارون نے ادا کیا جبکہ اقلیتی رکن جے پرکاش نے سب سے کم ٹیکس جمع کروایا۔ نجیب ہارون نے 14 کروڑ 7 لاکھ 49 ہزار روپے سے زائد کا ٹیکس دیا اور جے پرکاش نے 6 لاکھ 35 ہزار روپے کی کل آمدن پر ایک ہزار روپے کا ٹیکس دیا۔ 

وزیراعظم عمران خان نے 98 لاکھ 54 ہزار 959 روپے کا ٹیکس ادا کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

سینیٹر طلحہ محمود نے 3 کروڑ 22 لاکھ 80 ہزار روپے ٹیکس ادا کر کے ایوان بالا میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے رکن بنے جبکہ متحدہ قومی مومنٹ کی خالدہ عطیب 315 روپے ٹیکس جمع کروا کر ایوان میں سب سے کم ٹیکس دینے والی رکن ہیں۔ 

وفاقی کابینہ کے ارکان میں سے کس نے کتنا ٹیکس دیا؟

وفاقی کابینہ میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے کابینہ میں سب سے زیادہ دو کروڑ 66 لاکھ روپے ٹیکس جمع کروایا، وفاقی وزیر مونس الہی 65 لاکھ 34 ہزار، سید فخر امام نے 55 لاکھ ،وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم 42 لاکھ 85 ہزار اور وفاقی وزیر اسد عمر نے 42 لاکھ 72 ہزار روپے ٹیکس جمع کروایا۔ 
 وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے 12 لاکھ 11 ہزار، وزیر دفاع پرویز خٹک 12 لاکھ 57 ہزار، وفاقی وزیر عمر ایوب نے 9 لاکھ 57 ہزار، شبلی فراز 8 لاکھ 85 ہزار، شاہ محمود قریشی 8 لاکھ 51 ہزار شبلی فراز 8 لاکھ 85 ہزار اور اعظم سواتی نے 7 لاکھ 84 ہزار روپے قومی خزانے میں جمع کروائے۔ 
کابینہ کے رکن علی زیدی نے 10 لاکھ 47 ہزار، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے 5 لاکھ 57 ہزار، وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری 3 لاکھ 71 ہزار، وفاقی وزیر ہاؤنسگ طارق بشیر چیمہ 2 لاکھ 11 ہزار، وفاقی وزیر اعجاز شاہ ایک لاکھ 91 ہزار جبکہ میاں محمد سومرو نے 1 لاکھ 87 ہزار روپے کا ٹیکس جمع کروایا۔ 
وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے ایک لاکھ 58 ہزار روپے، امین الحق ایک لاکھ 57 ہزار، وزیر تعلیم شفقت محمود نے ایک لاکھ 35 ہزار روپے، وزیر اطلاعات فواد احمد چوہدری نے ایک لاکھ 36 ہزار روپے روپے ٹیکس جمع کروایا۔ 
وفاقی کابینہ میں سب سے کم ٹیکس جمع کرانے والے اراکین میں مراد سعید نے 86 ہزار، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے 98 ہزار روپے، علی امین گنڈا پور نے 67 ہزار روپے، نورالحق قادری نے 62 ہزار روپے، صاحبزادہ محبوب سلطان نے 67 ہزار روپے اور حماد اظہر نے صرف 29 ہزار روپے ٹیکس ادا کیا۔

قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے پانچ لاکھ 55 ہزار 794 روپے ٹیکس دیا۔ (فوٹو: قومی اسمبلی)

صوبائی وزرائے اعلیٰ نے کتنا ٹیکس دیا؟

صوبائی وزرائے اعلیٰ میں سب سے کم وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صرف دو ہزار روپے ٹیکس ادا کیا۔ ان کے اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق ان کی کل آمدنی 9 لاکھ 38 ہزار 858 روپے اور ذرعی آمدن 80 ہزار روپے ہے۔ 
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی ٹیکس تفصیلات کے مطابق ان کی کل آمدنی 25 لاکھ 8 ہزار 386 روپے رہی جس پر انہوں نے 66 ہزار 258 روپے کا ٹیکس ادا کیا۔ 
وزیراعلیٰ سندھ مراد علیٰ شاہ کی سنہ 2019 میں کل آمدن ایک کروڑ 17 لاکھ 30 ہزار 326 روپے رہی۔ انہوں نے 19 لاکھ 21 ہزار 914 روپے کا ٹیکس جمع کروایا۔ 

صوبائی وزرائے اعلیٰ میں سب سے کم وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صرف دو ہزار روپے ٹیکس ادا کیا۔ (فوٹو فائل)

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے 10 لاکھ 61 ہزار روپے کا ٹیکس ادا کیا اور ان کی کل آمدن 78 لاکھ 58 ہزار 885 روپے رہی۔ 
سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی 72 لاکھ 14 ہزار 174 روپے کی کل آمدنی پر 9 لاکھ 32 ہزار 835 روپے ٹیکس جمع کروایا۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر مشتاق احمد غنی نے 23 لاکھ 22 ہزار 358 روپے کی آمدنی ظاہر کی ہے جس پر انہوں نے 7 لاکھ 26 ہزار روپے ٹیکس دیا۔ 
سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے 7 لاکھ 13 ہزار روپے کا ٹیکس ادا کیا اور انہوں نے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے کی آمدنی ظاہر کی اور  بلوچستان اسمبلی کے سپیکر جان محمد جمالی نے 6 لاکھ 40 ہزار روپے کا ٹیکس جمع کروایا۔

شیئر: