یوکرینی حکومت کی شہریوں سے روس کے خلاف گوریلا جنگ کی اپیل
یوکرینی حکومت کی شہریوں سے روس کے خلاف گوریلا جنگ کی اپیل
جمعرات 3 مارچ 2022 18:55
روس مختلف محاذوں پر یوکرین پر حملہ جاری رکھے ہوئے ہے (فوٹو اے پی)
روسی افواج کی یوکرین میں اہم اہداف حاصل کرنے کے لیے پیش قدمی جاری ہے، جبکہ یوکرینی حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ روس کے خلاف گوریلا جنگ کا آغاز کریں۔
امریکی نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق ایک ویڈیو پیغام میں یوکرینی صدر کے مشیر لوگوں کو ہدایت دی کہ وہ درخت کاٹیں اور پیچھے رہ جانے والے روسی فوج کے دستوں کو تباہ کریں۔
’روسی فوج کے پچھلے دستے کمزور ہیں۔ اگر ہم انہیں تباہ کر دیں اور پچھلے حصے کو بلا کر دیں تو جنگ کچھ دنوں میں ختم ہو سکتی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ شمال مشرقی یوکرین اور بحر ازو کے قریب یہ کارروائی کی جا رہی ہے۔
شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ شہروں میں رکاوٹیں کھڑی کریں، یوکرین کے جھنڈے لے کر ریلیاں نکالیں، اور آن لائن نیٹ ورکنگ گروپ بنائیں۔
روس کی کی پیش قدمی
دوسری جانب روسی افواج یوکرین کی ایک اہم بندرگاہ پر قبضہ کر لیا ہے اور دوسری کےلیے تیاری کی جا رہی ہے۔
جمعرات کو روسی فوج نے کہا کہ اس نے دو لاکھ 80 ہزار آبادی والے شہر خیرسن پر کنڑول حاصل کر لیا ہے۔ اے پی کو حاصل ہونے والی ویڈیوز میں خالی سڑکوں پر روسی جنگی گاڑیاں دیکھی گئیں۔
روس مختلف محاذوں پر یوکرین پر حملہ جاری رکھے ہوئے ہے، اور مذاکرات کی پیش کش بھی کر رہا ہے۔
نوبل پرائز اکیڈمی کی روس کی مذمت
لٹریچر میں نوبل پرائز دینے والی تنظیم نے سیاسی بیانات نہ دینے کی روایت کو توڑتے ہوئے یوکرین پر روسی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
جمعرات کو سویڈش اکیڈمی نے کہا کہ اس کی ’تاریخ اور مشن کی جڑیں آزادی اظہار، اعتقاد کی آزادی اور انکوائر کرنے کی آزادی میں پیوست ہیں۔‘
’اس لیے ہم روس کے یوکرین پر غیر قانونی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔‘
بنگلہ دیشی جہاز پر حملہ
بنگلہ دیش کے حکام نے کہا ہے کہ یوکرین کی بندرگاہ اولیوا پر کھڑے ان کے ایک جہاز پر میزائل لگنے سے عملے کا ایک ممبر ہلاک ہو گیا ہے۔
شپنگ کے جونیئر وزیر خالد محمود چوہدری نے کہا کہ جہاز پر عملے 29 افراد سوار تھے۔