Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مارچ کی کوریج کرنے والے ڈرون کے ٹکرانے سے آصفہ بھٹو زخمی

خانیوال میں پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ کے دوران سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کے چہرے سے کوریج کرنے والا ڈرون کیمرا ٹکرا گیا جس سے وہ زخمی ہوگئیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ ’’ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ آصفہ بھٹو کو ٹانکے لگیں گے۔‘
پنجاب کے شہر خانیوال میں جس وقت ڈرون کیمرا آصفہ بھٹو زرداری سے ٹکرایا اس وقت وہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ کنٹینر پر موجود تھیں۔
ڈرون ٹکرانے کے بعد بلاول بھٹو زرادری اور ان کا سٹاف آصفہ بھٹو کو کنٹینر کے اندر لے گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔
واقعے کے بعد بلاول بھٹو زرداری کے سکیورٹی سٹاف نے ڈرون آپریٹر کو تحویل میں لے لیا۔
بعد میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں کہ آصفہ کو ڈرون غلطی سے لگا یا جان بوجھ کر ٹکرایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ انہیں ٹانکے لگیں گے تاہم آصفہ نے کہا کہ مجھے پٹی کردیں میں اوپر جاؤں گی، شہید بی بی کی بیٹی تو بہت بہادر ہے۔
بعد میں آصفہ بھٹو کو بلاول ہاؤس ملتان منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا طبی معائنہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق آصفہ بھٹو کے ماتھے پر زخم آئے اور پانچ ٹانکے لگے۔
دوسری جانب بختاور بھٹو زرداری نے آصفہ کی آنکھوں کے پاس پٹی بندھے ہونے کی تصویر شیئر کی ہے  جس میں وہ مسکرا رہی ہیں۔ 
جمعے کی رات کو ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’آصفہ بھٹو کی صحت آہستہ آہستہ بہتر ہورہی ہے۔‘
چیئرمین پیپلز پارٹی کے مطابق ’آصفہ بھٹو کا زخم بھرنے میں کچھ وقت لگے گا۔ ان کے چہرے کے زخم پر ٹانکے لگا کر ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔‘
یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 27 فروری سے تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف کراچی سے لانگ مارچ شروع کررکھا ہے۔
اپنے احتجاج کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کررکھا ہے۔
 پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ 8 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گا جہاں بلاول بھٹو زرداری عوامی مارچ کے شرکا سے خطاب میں آئندہ کا لائحہ عمل بیان کریں گے۔

شیئر: