Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ: دوسرے روز بھی فائرنگ، چرچ پر حملے میں ایک ہلاک

پولیس کے مطابق چرچ میں موجود افراد نے حملہ آور کو قابو کر کے باندھ دیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کی ریاست کیلفورنیا کے ایک گرجا گھر میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق واقعہ اتوار کی دوپہر کو پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرجا گھر میں موجود لوگوں نے حملہ آور کو پکڑ کر باندھ دیا تھا۔
اورینج کاؤنٹی کے انڈرشیرف جیف ہالاک نے واقعے کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’مقامی وقت کے مطابق تقریباً ڈیڑھ بجے لگونا ووڈز میں واقع جنیوا پریسبائٹیرین نامی چرچ میں سے ایک نامعلوم شخص کو گرفتار کیا گیا جس کی عمر 60 سال کے قریب ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’چرچ کے سٹاف نے حملہ آور کو قابو کرکے بہادری کا ثبوت دیا، انہوں نے یقینی طور پر بہت سی جانوں کو محفوظ بنایا۔‘
اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والوں میں چار زخمی جبکہ ایک معمولی زخمی ہے۔
یہ بات واضح نہیں ہو سکی کہ فائرنگ کا واقعہ چرچ کے ہال کے اندر ہوا ہے یا باہر۔
شیرف کے ترجمان کیری بران کا کہنا ہے کہ ’حملے کے وقت 30 افراد چرچ میں موجود تھے جن میں اکثریت کا تعلق تائیوان سے ہے، ابھی اس بات کی تحقیق ابھی ہو رہی ہے کہ حملہ نفرت انگیزی کا نتیجہ ہے یا پھر وہ کمیونٹی کے افراد کو جانتا تھا۔‘
واقعے کے بعد ایف بی آئی کے اہلکار بھی موقع پر بھجوایا گیا تھا۔
لگونا ووڈز کے 80 فیصد سے زیادہ رہائشیوں کی عمر 65 سال کے قریب ہے کیونکہ یہ شہر بنایا ہی عمررسیدہ لوگوں کے لیے بنایا گیا تھا۔ یہ شہر لاس اینجلس سے جنوب کی طرف 80 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
گورنر گیون نیوسم کے دفتر کی جانب سے کی جانے والی ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ صورت حال کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے 15 مئی کو نیویارک میں ایک شخص نے شاپنگ مال میں فائرنگ کی تھی جس سے کم سے کم 10 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

15 مئی کو نیویارک میں ایک شخص نے فائرنگ کر کے 10 افراد کو ہلاک کر دیا تھا (فوٹو: اے پی)

امریکی خبر رساں ادارے اے پی نے پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ حکام کے سامنے ہتھیار ڈالنے سے پہلے مسلح شخص پیٹن جینڈرون نے 11 سیاہ فام شہریوں کو فائرنگ سے ہلاک کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سفید فام مسلح شخص جس نے حملے کے دوران فوجی طرز کا لباس پہنا ہوا تھا، نے کم از کم دو منٹ کے لیے سٹریمنگ پلیٹ فارم ٹوئچ پر لائیو شوٹنگ دکھائی۔
پولیس کے مطابق مسلح شخص رائفل کے ساتھ سپر مارکیٹ میں داخل ہوا تھا اور سٹور میں موجود لوگوں پر فائرنگ کی۔
سنیچر کی دوپہر کو یہ واقعہ بفلیو کی ایک سپر مارکیٹ میں پیش آیا۔ واقعے میں تین افراد زخمی بھی ہوئے۔
پولیس نے واقعے کو نسل پرستی پر منبی قرار دیا۔ قانون نافذ کرنے والے حکام کا کہنا تھا فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو نیویارک کے علاقے کونلکن کا رہائشی ہے

شیئر: