Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہماری مدد کریں‘، موٹاپے سے پریشان سعودی نوجوان کے لیے سوشل میڈیا پر مہم

کئی مشہور شخصیات اور مخیر حضرات نے مدد کا اعلان کیا ہے۔ (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں مقامی نوجوانوں نے 20 سالہ سعودی لڑکے کا وزن 200 کلو گرام پہنچ جانے پرعلاج میں مدد کے لیے سوشل میڈیا پر مہم شروع کی ہے جسے پذیرائی مل رہی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ایک شہری نے ’مسئلے کے حل میں ہماری مدد کریں‘ کے عنوان سے ٹویٹ کیا، صارفین نے مثبت ردعمل دیا اور سعودی نوجوان سے ہمدردی ظاہرکی۔ 

20 سالہ حامد سیکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کررہا ہے۔ (فوٹو العربیہ)

  20 سالہ نوجوان حامد موٹاپے سے پریشان ہے۔ دوستوں کو پتہ چلا کہ وہ اپنا علاج خود نہیں کرا سکتا۔ انہوں نے مدد کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا۔
صارفین کو بتایا کہ حامد سیکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کر رہا ہے، اس کے والدین نہیں ہیں اور موٹاپے کے مسئلے سے دوچار ہے۔
متعدد ڈاکٹروں نے ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے تعاون کی پیشکش کی۔ موٹاپے کا آپریشن کرنے والے ڈاکٹرعائض القحطانی نے حامد کو رابطے کے لیے کہا ہے۔
سیاحتی کمپنیوں نےجازان ریجن میں مقیم سعودی نوجوان کی آمد ورفت اور علاج کے اخراجات برداشت کرنے کی پیشکش کی ہے۔
کئی معروف شخصیات اور مخیر حضرات نے بھی مدد کے لیے عطیات کا اعلان کیا ہے۔ 
سعودی نوجوان  کا کہنا ہے کہ اس نے کئی مرتبہ اپنا وزن کم کرنے کی کوشش کی مگر کامیابی نہیں ہوئی۔ اب تو اسے نیند کا بھی مسئلہ درپیش ہے اور ٹھیک طرح سے چل بھی نہیں پاتا۔
’وزن بڑھ جانے کی وجہ سے دایاں پیر متاثر ہوا ہے۔ شکر گزار ہوں ان ڈاکٹروں کا جنہوں نے مدد کا وعدہ کیا ہے۔‘
سعودی نوجوان کا کہنا تھا کہ ممنون ہوں ان تمام صارفین کا جنہوں نے میرے مسئلے کو معاشرے کا مسئلہ بنا دیا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: