Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پچاس روپے پر بحث، پشاور میں شہری نے رکشہ ڈرائیور کو قتل کر دیا

پولیس نے ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے قصہ خوانی بازار میں 50 روپے کے تنازع پر ایک شہری نے رکشہ ڈرائیور کو قتل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہری اور رکشہ ڈرائیور کے درمیان کرائے پر ہاتھا پائی ہوئی تھی۔
ڈی ایس پی سٹی نے بتایا کہ شہری نے 150 روپے کرایہ دینے کے بجائے 100 روپے دینے پر اصرار کیا جس پر دونوں کے درمیان بحث شروع ہو گئی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں کو بحث کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس کے بعد شہری اور رکشہ ڈرائیور کے درمیان ہاتھا پائی شروع ہو جاتی ہے۔
اس کے بعد شہری اپنی جیب سے پستول نکالتا ہے اور رکشہ ڈرائیور کی جانب فائر کرتا ہے۔
ویڈیو میں واضح ہے کہ رکشہ ڈرائیور کو گولی سینے میں لگتی ہے جس کے بعد اسے سڑک پر گرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا ہے اور واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے خالی خول اور دیگر شواہد اکھٹے کر لیے ہیں اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

شیئر: