Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کی نومنتخب آسٹریلوی وزیراعظم کو مبارک باد

خادم حرمین شریفین اور ولی عہد محمد بن سلمان نے آسٹریلوی وزیراعظم اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے آسٹریلیا کے نئے وزیراعظم انتھونی البینیز کو حلف اٹھانے پر مبارک باد دی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی نے منگل کو بتایا ہے کہ ایک سفارتی مراسلے میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے آسٹریلیا کے وزیراعظم کی کامیابی اور وہاں کے عوام کے لیے ترقی و خوشحالی کی خواہش ظاہر کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی ایسا ہی ایک سفارتی مراسلہ انتھونی البینیز کو بھجوایا ہے۔
آسٹریلیا کے نئے وزیراعظم نے پیر کو حلف اٹھایا تھا اور امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ ٹوکیو میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہو گئے تھے۔ تاہم اس وقت ووٹوں کی گنتی اس بات کا تعین کرنے کے لیے جاری تھی کہ آیا وہ ایسی پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کر لیں گے جو موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے سخت کارروائی کا مطالبہ کرتی ہے۔
آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البینیز نے حلف کے لیے کینبرا روانہ ہونے سے قبل سڈنی میں کہا تھا کہ ’میں ایک ایسی حکومت کی قیادت چاہتا ہوں جس میں اسٹریلوی عوام کی خواہش کے مطابق رجائیت کا جذبہ ہو۔‘
انتھونی البینیز اور آسٹریلیا کے وزیر خارجہ پینی وونگ سے گورنر جنرل ڈیوڈ ہرلے نے منگل کو حلف لیے جبکہ اس کے بعد وہ دونوں امریکی صدر جو بائیڈن کے ہمراہ ٹوکیو کے لیے روانہ ہو گئے۔
اس سفر میں جاپان کے وزیراعظم فومیو کیشیدا اور انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی بھی شامل تھے۔
روانگی سے قبل آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی نے کہا ’ہم جاپان سے بدھ کو واپس آئیں گے اور اپنے ایجنڈے پر کام شروع کریں گے، وہی ایجنڈا جس کی توثیق آسٹریلیا کے عوام نے کی ہے۔‘

شیئر: