Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جذبات کے اظہار کے لیے الفاظ نہیں مل رہے‘ حج ادا کرتے سلیبریٹیز

حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب پہچنے والی نمایاں شخصیات نے اپنے یادگار سفر اور عبادات کے حوالے تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں، جن میں پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر، انگلینڈ کے لیگ سپنر عادل راشد اور سابق انڈین اداکارہ ثنا خان شامل ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق پاکستان سے تعلق رکھنے والے دنیا کے تیز ترین بولر شعیب اختر کو سعودی حکام نے خصوصی طور پر اعزازی حج کرنے کی دعوت دی تھی۔
دعوت ملنے کے بعد شعیب اختر نے ٹویٹ میں لکھا تھا ’سعودی عرب کے سرکاری مہمان کے طور پر اعزازی حج کے لیے جا رہا ہوں۔ میں مکہ میں ہونے والی حج کانفرنس میں خطاب بھی کروں گا۔‘
انہوں نے احرام پہنے ہوئے اپنے تصویریں بھی شیئر کیں۔
شعیب اختر نے ایک ٹویٹ میں اس کیپشن کے ساتھ فوٹو پوسٹ کی ’مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین پر حج سمپوزیم میں‘
سابق کرکٹر نے اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارت خانے کا خصوصی طور پر شکریہ بھی ادا کیا۔
ٹویٹ کی سیریز جس کا عنوان ’مکہ سے مدینے کا خوبصورت سفر‘ تھا، میں شعیب اختر نے مقدس مقامات کی ویڈیوز شیئر کیں جن میں مکہ کلاک ٹاور سے خانہ کعبہ کا نظارہ بھی شامل تھا۔

اسی طرح انہوں نے مسجد قبا اور مسجد نبوی کی ویڈیوز بھی پوسٹ کیں۔
 شعیب اختر 2011 میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد کرکٹ سے ریٹائرڈ ہو گئے تھے۔ سو میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بال کرانے پر جب وہ دنیا کے تیز ترین بولر قرار دیے گئے تو ان کے مداحوں نے انہیں’راولپنڈی ایکسپریس‘ کہنا شروع کیا۔
اسی طرح انگلینڈ کے بولر عادل راشد انڈیا کے ساتھ سیریز چھوڑ کر حج کے لیے سعودی عرب پہنچے ہیں، اس کے لیے انہوں نے انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ سے رخصت لی ہے، توقع ہے کہ وہ جولائی کے وسط تک جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے قبل وطن واپس پہنچیں گے۔
علاوہ ازیں بالی وڈ کی سابق اداکارہ ثنا خان، جنہوں نے مذہبی وجوہات کی بنا پر شوبز کی دنیا کو خیرباد کہا تھا، چاہتی ہیں کہ وہ انسانیت کی خدمت کریں۔

ثنا خان اپنے شوہر انس سید کے ہمراہ حج کے لیے پہنچی ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)

انہوں نے اپنے سفر، سعودی عرب پہنچنے سمیت کئی ٹکڑوں پر مشتمل ویڈیو شیئر کی ہے۔
ان کے شوہر انس سید بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
ایک ویڈیو کلپ میں دونوں احرام پہنے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
اس کے ساتھ لکھا گیا ’شوہر کے ساتھ حج کے خوبصورت سفر کے لیے مزید انتظار نہیں کر سکتی۔‘
ایک اور پوسٹ میں انہوں نے لکھا ’میرے پاس الفاظ نہیں کہ اپنے جذبات کا اظہار کر سکوں، اللہ ہمارا حج قبول فرمائے۔‘

شیئر: