Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش پر ’فلائٹ آپریشن معطل نہیں‘

بارش کے ساتھ ہی مخلتف شاہراؤں اور گلیوں میں پانی جمع ہو گیا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر اور منگل کو شہر میں تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان سول ایوی ایشن نے کہا ہے ’شہر میں آندھی اور تیز بارش کے بعد فلائٹ آپریشن معطل نہیں کیا گیا ہے۔ اس وقت معمول کے مطابق پروازیں کراچی سے آپریٹ ہو رہی ہیں۔‘
کراچی کے سات میں سے پانچ اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جاری ہے۔ جبکہ دیگر مقامات پر کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کی اطلاع ہے۔
ضلع جنوبی، شرقی، غربی، کیماڑی اور ملیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا آغاز ہوا۔ تاہم بارش کے ساتھ ہی مخلتف شاہراؤں اور گلیوں میں پانی جمع ہو گیا جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب شہر میں بارش کے ساتھ ہی گزشتہ تین روز سے جاری گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، میرپورخاص، ٹنڈو محمد خان، سجاول اور ٹھٹھہ میں بھی آندھی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

شیئر: