Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی میڈیکل انشورنس سکیم یکم اکتوبر سے، 18 نئی سہولتیں کیا ہیں؟ 

موٹاپے کے آپریشن اور گردے کی پیوند کاری شامل ہوگی ( فوٹو: الاقتصادیہ)
سعودی ہیلتھ انشورنس کونسل یکم اکتوبر 2022 سے نئی میڈیکل انشورنس سکیم کا آغاز کر رہی ہے۔ 
اخبار24 کے مطابق میڈیکل انشورنس سکیم میں مزید 18 سہولتوں کا اضافہ ہو گا جبکہ پہلے سے موجود 10 سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔
ہیلتھ انشورنس کونسل کے ترجمان ناصر الجھنی نے بتایا کہ ’ویکسین اور ممکنہ امراض کے پیشگی ٹیسٹ کے حوالے سے متعدد سہولتیں میڈیکل انشورنس پروگرام میں شامل ہیں۔ خواتین کی صحت پر خصوصی توجہ ہو گی۔ حد سے زیادہ موٹاپے کے آپریشن اور گردے کی پیوند کاری میڈیکل انشورنس پروگرام کا حصہ ہوں گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میڈیکل انشورنس پروگرام میں ذہنی صحت اور اس کا علاج شامل ہو گا۔ لاعلاج اور شدید قسم کے ذہنی امراض سے متعلق کوریج کا دائرہ 15 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار ریال تک ہوگا۔‘ 
نئی سکیم میں گردے کی صفائی  سمیت دیگر سہولتوں کی کوریج کی حد بھی بڑھا دی گئی ہے۔ 
علاوہ ازیں العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ہیلتھ انشورنس کونسل کے ترجمان ڈاکٹر ناصر الجہنی نے کہا کہ ’میڈیکل انشورنس پروگرام میں نئی سہولتوں کے اضافے کے بعد مستقبل قریب میں میڈیکل انشورنس سکیم فیس میں معمولی سا اضافہ ہوگا۔‘ 
’نئی سہولتیں لازمی میڈیکل انشورنس سکیموں میں ان تمام زمروں کے لیے ہیں جنہیں میڈیکل انشورنس کرانا ضروری ہے۔ علاوہ ازیں پرائیویٹ سیکٹر کے ملازمین اور ان کے رشتہ داروں کی میڈیکل انشورنس سکیموں میں بھی نئی سہولتوں کا اضافہ ہوگا۔‘ 
انہوں نے بتایا کہ ذیابیطس، بلڈ پریشر، دل کے امراض اور موٹاپے جیسی پانچ بیماریاں شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’نئی میڈیکل انشورنس سکیم میں عصری تقاضوں کو پورا کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ اب کم لاگت والی ادویہ صحت خدمات کے حوالے سے بنیادی ضرورت بن گئی ہے۔‘ 

شیئر: