Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سہ فریقی سیریز: نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنالی

نیوزی لینڈ اور پاکستان جمعے کو سیریز کے فائنل میں مدمقابل آئیں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ میں جاری سہ فریقی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 48 رنز سے شکست دے کر سیریز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
سہ فریقی سیریز کے فائنل میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ 14 اکتوبر کو پاکستان سے ہوگا۔
بدھ کو کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والی ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 209 رنز کا ہدف دیا تھا۔
اس ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 160 رنز بنا سکی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیون کانوے نے 40 گیندوں پر 64 اور گلین فلپس نے 24 گیندوں پر 60 رنز بنائے۔
اس پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن کے علاوہ کوئی بیٹر نیوزی لینڈ کے بولنگ اٹیک کا سامنا نہ کرسکا۔ شکیب الحسن نے 44 گیندوں پر 70 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے فاسٹ بولر ایڈم ملنے نے چار اوورز میں 24 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مائیکل بریسویل اور ٹم ساؤتھی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
سہ فریقی ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہار کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا ہے۔ جمعرات کو بنگال ٹائیگرز کرائسٹ چرچ کے ہی میدان میں پاکستان کا سامنا کریں گے لیکن اس میچ کا جمعے کو ہونے والے فائنل پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

شیئر: