Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وارم اپ میچ: انگلینڈ نے پاکستان کوچھ وکٹوں سے ہرا دیا

پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم وارم اپ میچ میں حصہ نہیں لے رہے (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے وارم اب میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
 
پیر کے روز برسبین میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 19 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شان مسعود نے 39، محمد وسیم نے 26 جبکہ افتخار احمد نے 22 رنز سکور کیے۔
 
پاکستان کی جانب سے دیے گئے ہدف کو انگلینڈ نے بآسانی 14 اوورز میں پورا کرلیا۔
انگلینڈ کی جانب سے بیٹنگ کرتے ہوئے ہیری بروک نے 45، بین سٹوکس نے 36 اور سیم کرن نے 33 رنز سکور کیے۔
وارم اپ میچ میں پاکستان ٹیم کی جانب سے ناقص فیلڈنگ دیکھنے میں آئی۔
پاکستانی فیلڈرز نے انگلش بیٹرز کے لگاتار دو کیچ گرائے جبکہ آسان رنز بھی دیے۔
انگلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے آرام کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے صرف دو اوورز کروئے۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا اگلا وارم اپ میچ 19 اکتوبر کو برسبین میں ہی افغانستان میں کھیلا جائے۔
پاکستان ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کا پہلا میچ 23 اکتوبر کو میلبرن میں روایتی حریف انڈیا کے خلاف کھیلے گی۔
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے ابتدائی میچ میں اتوار کو اس وقت اپ سیٹ سامنے آیا تھا جب نمیبیا نے سری لنکا کو شکست دے دی تھی۔
آسٹریلیا کے شہر گیلونگ میں ٹاس جیت کر نمیبیا کو بیٹنگ کی دعوت دینے والی سری لنکن ٹیم ہدف کا تعاقب نہ کر سکی اور 55 رنز سے شکست کھا گئی۔
نمبییا نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے کے نقصان پر 163 رنز بنا کر سری لنکا کو جیت کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا تھا۔ 
نمیبیا کے جان فرائینک نے سب سے زیادہ 44 رنز بنائے۔ جے جے سمٹ 31 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اتوار کو ہونے والے ابتدائی میچ میں نمیبیا نے سری لنکا کو شکست دی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

سری لنکا کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 108 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ سری لنکا کی جانب سے داسن شناکا 29 رنز بنا کر ٹاپ سکورر ہے۔
نمیبیا کے ڈیوڈ ویسے نے چار اوورز میں 16 رنز دے کر دو جبکہ برنارڈ شولز نے چار اوورز میں 18 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جان فرائیلنک نے چار اوورز میں 26 اور بین شینکونگو نے تین اوورز میں 22 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
ٹی20 ورلڈکپ کے گروپ مرحلے میں سری لنکا اور ویسٹ انڈیز سمیت آٹھ ٹیمیں مدمقابل ہیں جن میں سے چار اگلے مرحلے سپر 12 کے لیے کوالیفائی کریں گی جہاں پہلے ہی آٹھ ٹیمیں موجود ہیں۔

شیئر: