Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے ٹی20 ورلڈ کپ سکواڈ میں تبدیلی، فخر زمان شامل

اس سے قبل فخر زمان ٹی20 ورلڈ کپ کے سکواڈ کے ساتھ جانے والے ریزرو کھلاڑیوں میں شامل تھے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
 اتوار سے آسٹریلیا میں شروع ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سکواڈ میں تبدیلی کی گئی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق پاکستان ٹیم کے سکواڈ کے ریزرو میں شامل اوپننگ بیٹر فخر زمان کو مرکزی سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ مرکزی سکواڈ میں شامل لیگ سپنر عثمان قادر کو ریزرو میں شامل کرلیا گیا ہے۔
اس سے قبل فخر زمان ٹی20 ورلڈ کپ کے سکواڈ کے ساتھ جانے والے ریزرو کھلاڑیوں میں شامل تھے۔
فخر زمان گزشتہ ماہ یو اے ای میں ہونے والے ایشیا کپ میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
فخر زمان کی جگہ خالی کرنے والے عثمان قادر بھی انگلینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے اپنا انگوٹھا زخمی کروا بیٹھے تھے جس کے بعد انھیں نیوزی لینڈ میں ہونے والی سہ ملکی سیریز میں بھی کسی میچ نہیں کھلایا گیا۔
دوسری جانب پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی بھی گھٹنے کی انجری کے بعد ٹھیک ہوکر ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی ٹی20 ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز میں کھیلیں گے جبکہ 23 اکتوبر کو شیڈول پاکستان اور انڈیا کے میچ میں نسیم شاہ اور شاہین آفریدی دونوں کے کھیلنے کا قوی امکان ہے۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم میں اب تک اس کے علاوہ کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان  کا سکواڈ: بابر اعظم (کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حسنین، محمد رضوان، محمد نواز، محمد وسیم، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، شان مسعود۔
ریزرو کھلاڑی: محمد حارث، شاہنواز دہانی، عثمان قادر۔

شیئر: