Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہیڈن اور محمد وسیم کے درمیان 100 ڈالر کی شرط کون جیتا؟

میتھیو ہیڈن نے اس سے قبل سنہ 2021 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے طور پر فرائض سرانجام دیے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مینٹور میتھیو ہیڈن نے فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر کے ساتھ 100 ڈالر کی شرط لگا لی۔
بدھ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو اپلوڈ کی ہے جس میں پاکستان ٹیم کے مینٹور اور سابق آسٹریلوی بیٹر میتھیو ہیڈن پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر محمد وسیم سے شرط لگاتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’میں تمہیں 100 ڈالر دوں گا لیکن اس کے لیے آپ کو گیند سٹیڈیم سے باہر پھینکنا ہوگی۔‘
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ محمد وسیم کے ساتھ نسیم شاہ بھی اس شرط میں شامل ہو جاتے ہیں۔
محمد وسیم نے میتھیو ہیڈن کی شرط کو قبول کرتے ہوئے گیند کو زور سے پھینکا لیکن بدقسمتی سے گیند برسبین میں واقع گابا کے تاریخی سٹیڈیم سے باہر نہ جا سکی جس پر میتھیو ہیڈن اپنے ڈالر بچ جانے پر خوشی کا اظہار کرتے رہے۔
ہیڈن نے اس سے قبل سنہ 2021 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے طور پر فرائض سرانجام دیے تھے۔
بدھ کو گابا میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والا وارم میچ بارش کے باعث پورا نہ ہو سکا تھا۔
میتھیو ہیڈن اور محمد وسیم کے درمیان گیند پھینکنے کی شرط پر ٹوئٹر صارفین کی جانب سے بھی تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
آئینہ دعا کہتی ہیں کہ ’مجھے ایسا لگا کہ وسیم جیتنے والے ہیں، لیکن نسیم شاہ وہ بچے ہیں جو اپنے دوست کے بجائے ٹیچر کا ساتھ دیتے ہیں۔‘

عائشہ عروج نے ٹویٹ کی کہ ’زندگی میں ایسی خود اعتمادی ہونی چاہیے، پتا ہے کہ نہیں جیتوں گی پھر بھی 100 ڈالرز کی شرط لگا لوں، شیمپو بوائے (وسیم) کی طرح۔‘

سیفی کا کہنا تھا کہ ’نسیم دونوں طرف سے لوٹ رہا ہے۔‘

سعد چاندنا نے کہا کہ ’یہ شرطیں لگا لگا کر ہی ان فٹ ہوجائیں گے۔‘

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا آغاز 23 اکتوبر سے روایتی حریف انڈیا کے خلاف میچ سے کرے گی۔

شیئر: