Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: انگلینڈ سری لنکا کو ہرا کر سیمی فائنل میں، میزبان آسٹریلیا باہر

انگلینڈ کی جیت نے آسٹریلیا کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
سنیچر کو سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے 142 رنز کا ہدف 19.4 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ بین سٹوک 42 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے علاوہ ایلکس ہیلز 47 اور جوز بٹلر 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
سری لنکا کی جانب سے ہاسارنگا ڈی سلوا اور دھننجیا ڈی سلوا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پاتھم نیسنکا کے علاوہ کوئی اور بلے باز کچھ خاص نہ کر سکا، اور 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز ہی بنا سکے۔
نیسنکا نے 45 گیندوں پر پانچ چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے تین وکٹیں حاصل کیں لیکن مین آف دی میچ کا ایوارڈ عادل رشید کو ملا جنہوں نے چار اوورز میں صرف 16 رنز دیے اور ایک وکٹ حاصل کی۔

پاتھم نیسنکا نے 45 گیندوں پر پانچ چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

گروپ اے سے نیوزی لینڈ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے جبکہ انگلینڈ کی جیت نے آسٹریلیا کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔
انگلینڈ اور آسٹریلیا کے سات سات پوائنٹس ہیں لیکن رن ریٹ کی بنا کر انگلینڈ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
دوسری جانب گروپ بی سے سیمی فائنل کے لیے کون کوالیفائی کرے گا اس کا فیصلہ جنوبی افریقہ بمقابلہ نیدرلینڈز، پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش اور انڈیا بمقابلہ زمبابوے کے میچز کے نتیجے کے بعد ہوگا۔

شیئر: