Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا ابشر اکاؤنٹ کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروائی جا سکتی ہے؟

ٹریفک پولیس کے مطابق ’ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کی سہولت ابشر اکاونٹ پرموجود ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کی سہولت ابشر اکاؤنٹ پرموجود ہے تاہم تجدید کے لیے اپلائی کرنے سے پہلے مقررہ و منظورشدہ ہسپتال سے میڈیکل چیک اپ کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔
ٹریفک پولیس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک صارف نے پوچھا تھا کہ ’ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کرانے کے لیے فیس جمع کرائی مگرابشر اکاؤنٹ پر جب تجدید کی کمانڈ دی جاتی ہے توکارروائی مکمل نہیں ہوتی اس صورت میں کیا کروں؟‘

اردو نیوز کا فیس پیج لائک کریں

اس کے جواب میں ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ ’ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کی سہولت ابشر اکاؤنٹ پرموجود ہے تاہم اس کے لیے لازمی ہے کہ مقررہ و منظورشدہ ہسپتال سے میڈیکل چیک اپ کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا جائے۔‘
بعدازاں جتنی مدت کے لیے لائسنس تجدید کرانا ہو، اس کی فیس ادا کرنے کے بعد تجدید کی کمانڈ دی جائے۔
واضح رہے طبی معائنے میں نظر کا بہت ٹیسٹ اہم ہوتا ہے اس کےعلاوہ بلڈ گروپ بھی درج کیا جاتا ہے۔ میڈیکل چیک اپ ایسے ہسپتال سے کرانا ضروری ہوتا ہے جو ٹریفک پولیس کے سسٹم سے منسلک ہو۔
میڈیکل چیک اپ کی رپورٹ ٹریفک پولیس کے سسٹم میں خود کارطریقے سے طبی ادارہ ارسال کرتا ہے جس کے بعد پانچ یا 10برس کے لیے مقررہ فیس ادا کی جاتی ہے۔
یاد رہے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرعائد شدہ چالان کی عدم ادائیگی کی وجہ سے بھی ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید ممکن نہیں ہوتی۔
ٹریفک چالان موجود ہونے کی صورت میں جب تک ادائیگی نہ کی جائے ڈرائیونگ لائسنس تجدید نہیں کرایا جا سکتا۔
گاڑی فروخت کرنے کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا گاڑی کا ’استمارہ‘ ( ملکیتی کارڈ) کارآمد ہے جبکہ سالانہ فٹنیس سرٹیفکیٹ (فحص) ایکسپائرڈ ہو گیا ہے کیا گاڑی فروخت کی جا سکتی ہے؟

اردو نیوز کا یوٹیوب چینک سبسکرائب کریں

سوال کے جواب میں ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ گاڑی فروخت کرنے کے لیے کارآمد فٹنیس سرٹیفکیٹ (فحص) کا ہونا ضروری ہے۔ سرٹیفکیٹ ایکسپائرڈ ہونے کی صورت میں جب تک نیا سرٹیفکیٹ حاصل نہ کیا جائے گاڑی خریدار کے نام پرمنتقل نہیں کرائی جا سکتی۔
یاد رہے گاڑی خریدتے وقت خریدار کے نام سے موٹروہیکل انشورنس بھی حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے جس کے لیے مقررہ کمپنی سے انشورنس سکیم حاصل کی جائے جو ٹریفک پولیس کے سسٹم میں رجسٹرڈ اور منظورشدہ ہو۔

شیئر: