Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور: حساس عمارت کے باہر احتجاج کرنے والوں پر مقدمہ، شناخت کے لیے نادرا سے رابطہ

پولیس نے کہا ہے کہ سیاسی رہنما انتظامیہ سے اجازت کے ساتھ مختص مقام پر احتجاج کریں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد پولیس کے بعد پشاور اور کراچی کی پولیس نے بھی عمران خان پر فائرنگ کے واقعے کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر مقدمات درج کر لیے ہیں۔
پیر کو پشاور کینٹ کے سپرانٹینڈنٹ پولیس اظہر خان نے کہا ہے کہ تین نومبر کو حساس عمارت کے سامنے احتجاج کرنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایس پی اظہر خان نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ملزموں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ ’ملزموں کی شناخت کے لیے نادرا سے رابطہ کیا گیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ملزموں کے خلاف سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات مقدمے میں شامل ہیں۔ ’قانون کے مطابق ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔‘
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ سندھ پولیس نے ان کے کارکنان کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے خبردار کیا تھا کہ وفاقی دارالحکومت میں بلااجازت احتجاج کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پیر کو اسلام آباد پولیس نے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ ’جن سیاسی کارکنان کی شناخت کی جا چکی ہے اور مقدمات درج ہو گئے ہیں، ان کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد کیپیٹل پولیس کارروائی کر رہی ہے۔‘
پولیس نے تمام سیاسی رہنماؤں سے درخواست کی ہے کہ وہ انتظامیہ کی اجازت سے مختص مقام پر احتجاج کریں۔’عوام سے گزارش ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔ کسی بھی شر پسندانہ سرگرمی اور افراد کی اطلاع 15 پر دیں۔
پولیس کے مطابق ’سیاسی جماعت کے رہنماؤں نے اسلام آباد کے راستے روکنے کا اعلان کیا ہے۔ اسلام آباد کے شہریوں، طلبا اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
راستوں کی بندش کے حوالے سے پولیس نے بتایا  کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آنے والے قومی اور بین الاقوامی مہمانوں کے لیے راستے کھلے رکھے جائیں گے۔
’ایئرپورٹ کے لیے بلا رکاوٹ آمدورفت قومی تشخص کے لیے اہمیت کی حامل ہے۔ وفاقی قانون نافذ کرنے والے ادارے ایئرپورٹ اور موٹر وے تک آمدورفت کے راستوں کی نگرانی کریں گے۔‘
یاد رہے کہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن آج رات سے اسلام آباد کے داخلی وخارجی راستے بند کریں گے۔
نجی نیوز چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پرویزخٹک کا کہنا تھا کہ ’منگل سے خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں لانگ مارچ شروع ہوگا، تمام ارکان اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی قیادت نےلانگ مارچ کی ہدایت دی ہے۔‘
ادھر سابق وزیراعظم عمران خان نے اتوار کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ لانگ مارچ دوبارہ منگل سے شروع کریں گے اور وزیر آباد سے آغاز ہوگا۔ مارچ سے یہاں سے خطاب کروں گا۔ راولپنڈی خود آؤں گا اور وہاں سے سارے پاکستان کے لوگوں کو لے کر لیڈ کروں گا۔‘
سنیچر کو سابق وزیراعظم عمران خان پر فائرنگ کے واقعے کے خلاف احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کے کارکنان پر اسلام آباد پولیس نے مقدمات درج کیے تھے۔ 

شیئر: