Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الخبر میں پرانے ٹائر فروخت کرنے پر ایک لاکھ ریال جرمانہ، دکان دو ماہ کے لیے بند 

وزارت تجارت کا کہنا ہے قانون کی خلاف ورزی پر نظر رکھے ہوئے ہیں(فوٹو اخبار24)
سعودی وزارت تجارت نے پرانے ٹائر فروخت کرنے والے ادارے کی دکان کے مالک کےخلاف عدالتی فیصلے پرعملدرآمد کرایا ہے۔
اخبار24 کے مطابق وزارت تجارت نے بیان میں کہا کہ ’الخبر میں گاڑیوں کے آئل اور ٹائر کا کاروبار کرنے والے ادارے کے  مالک کی دکان سے 45 پرانے ٹائر برآمد ہوئے جنہیں  فروخت کرنے کے لیے رکھا گیا تھا‘۔ 
بیان میں کہا گیا کہ’ الخبر میں فوجداری کی عدالت نے ادارے کے  مالک کے خلاف ایک لاکھ ریال جرمانے اور دکان کو دو ماہ تک بند رکھنے اور ضبط شدہ ٹائر تلف کرنے اور اس کے خرچ پرتشہیر کا حکم جاری کیا تھا‘۔ 
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ’ تجارتی جعلسازی کے انسداد کے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں‘۔ 
’قانون انسداد تجارتی جعلسازی میں یہ بات موجود ہے کہ جو شخص بھی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا اسے تین برس قید، دس لاکھ ریال تک جرمانے  کی سزا ہوگی۔ دونوں سزاؤں میں سے کسی ایک پر بھی اکتفا کیا جاسکتا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والے کی خود اس کے خرچ پر تشہیر بھی کی جائے گی‘۔ 

شیئر: