Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کوئی ہمیں نظرانداز نہیں کرسکتا،‘ انڈین وزیرِ کھیل کا رمیز راجہ کو جواب

رمیز راجہ نے کہا تھا کہ وہ (انڈین ٹیم) آئیں گے تو ہی ہم ورلڈکپ میں جائیں گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے وزیر برائے کھیل انوراگ ٹھاکر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کے ورلڈ کپ 2023 سے متعلق کہا ہے کہ انڈیا کھیلوں کی دنیا کا ایک بڑا نام ہے جسے نظر انداز کرنا مشکل ہے۔
انڈین چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ایک صحافی کے سوال کے جواب میں انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا کہ ’صحیح وقت کا انتظار کریں۔ انڈیا کھیلوں کی دنیا کی بڑی طاقت ہے اور کوئی بھی ملک ہمیں نظرانداز نہیں کر سکتا۔‘
خیال رہے جمعرات کو اردو نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا تھا کہ ’اگر پاکستان آئندہ برس انڈیا میں شیڈول ورلڈکپ میں شرکت نہیں کرے گا تو دیکھے گا کون؟‘
انہوں نے انڈیا کے پاکستان میں ایشیا کپ کھیلنے سے انکار پر مزید تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ’ہمارا دو ٹوک موقف ہے وہ (انڈین ٹیم) آئیں گے تو ہی ہم ورلڈکپ میں جائیں گے نہیں آئے تو کروا لیں پھر ورلڈکپ ہمارے بغیر۔‘
انہوں نے کہا کہ ’انڈین کرکٹ بورڈ یا ایشین کرکٹ کونسل سے انڈیا کی جانب سے پاکستان میں ایشیا کپ نہ کھیلنے کے حوالے سے تاحال بات نہیں ہوئی لیکن جب بھی موقع ملے گا ہم یہ بات ضرور کریں گے اور ہمارا دو ٹوک موقف ہے کہ وہ آئیں گے تو ہم بھی کھیلنے جائیں گے۔‘
خیال رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے رواں برس اکتوبر میں بیان دیا تھا کہ ’انڈین کرکٹ ٹیم اگلے سال ہونے والے ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں جائے گی اور ہوسکتا ہے یہ ٹورنامنٹ کسی نیوٹرل مقام پر منتقل کر دیا جائے۔

شیئر: