Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب، عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کریں گے

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے مثبت اقدامات سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوا۔ (فوٹو: پی ایم ہاؤس)
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار 28 سے 29 اپریل تک ریاض میں عالمی تعاون، ترقی اور توانائی سے متعلق عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان زہرہ بلوچ نے جمعے کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔
وزیراعظم اور وزیر خارجہ عالمی رہنماؤں، بین الاقوامی اداروں کے سربراہوں اور دیگر اہم شخصیات سے بھی دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری سے متعلق معاملات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔
جمعے کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی صورت حال میں بہتری آ رہی ہے۔
پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے ممالک کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے سعودی عرب کا خصوصی طور پر ذکر کیا اور کہا کہ اس سرمایہ کاری سے ملک کی معاشی صورت حال مزید بہتر ہو جائے گی۔
سعودی عرب کا ایک اعلٰی سطح کا وفد وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں 15 اپریل کو پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچا تھا۔
دورے کے دوران سعودی وفد نے پاکستان کے وزیر اعظم، صدر مملکت اور آرمی چیف سمیت اعلی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ سعودی وزیرِ خارجہ نے پاکستانی حکام سے ملاقانوں میں دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوطی، تجارت و سرمایہ کاری اور شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔
اس دورے کے بعد وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ ’سعودی وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران ہم نے ان کے سامنے ملک میں سرمایہ کاری کے لیے 30 ارب ڈالر کے منصوبے تجویز کیے ہیں۔‘
 میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’پاکستان نے سعودی وفد کو 30 ارب ڈالر کے جو منصوبے تجویز کیے ہیں ان پر عمل درآمد کے لیے وقت درکار ہوگا۔‘
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کے مثبت اقدامات سے ملک کی برآمدات اور ترسیلات زر میں بھی اضافہ ہوا۔
ان کے مطابق ’چند روز پشتر پاکستان کی معاشی صورت حال کے حوالے سے رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں کئی شعبوں میں واضح ترقی دکھائی دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات پر عمل پیرا ہیں اور نجکاری پلان پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق پاکستان میں بھی چار پانچ بڑے گروپ نجکاری کے عمل میں حصہ لینے کے خواہاں ہیں۔ نجکاری کا عمل شفاف ترین ہو گا۔

شیئر: