Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرتگالی فٹبال سٹار کرسٹیانو رونالڈو ریاض پہنچ گئے

رونالڈو پرائیوٹ جہاز میں اپنی فیملی اور معاونین کے ساتھ ریاض پہنچے ہیں(فوٹوالعربیہ)
پرتگالی فٹبال سٹارکرسٹیانو رونالڈو پیر کی رات گیارہ بجے کے قریب میڈرڈ سے سعودی دارلحکومت ریاض پہنچ گئے، ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔
 سعودی فٹبال کلب النصر سے معاہدے کے بعد رونالڈ نے ایک وڈیو پیغام میں اپنے مداحوں سے جلد ملنے کا وعدہ کیا تھا۔
 کرسٹیانو رونالڈو پرائیوٹ جہاز میں اپنی فیملی اور معاونین کے ساتھ ریاض پہنچے ہیں۔
عرب نیوز نے النصر کلب کے حوالے سے بتایا کہ ’ منگل 3 جنوری شام سات بجے اُن کے اعزاز میں مرسول پارک میں دو گھنٹے کی استقبالیہ  تقریب ہوگی جہاں وہ معاہدے پر دستخط کریں گے۔
بعد ازں  پرتگالی فٹبال سٹار پریس کانفرنس اور اپنے مداحوں سے بھی خطاب کریں گے۔ اس تقریب کو کئی ٹی وی چینلز سے نشر کیے جانے کی توقع ہے۔
النصر کلب کے مطابق ’کرسٹیانو رونالڈو اور فیملی کو ریاض کے معروف ہوٹل میں ٹھہرایا جائے گا۔ بعد ازاں ان کے لیے رہائش کا انتظام کیا جائے گا‘۔
عرب نیوز کے مطابق حالیہ برسوں اور مہینوں کے دوران سعودی عرب میں فٹ بال کی متعدد بڑی خبریں آئیں مگر اس جیسی کوئی نہ تھی کہ کرسٹیانو رونالڈو مملکت کے کلب  النصر سے کھیلنے کا معاہدہ کر رہے ہیں۔
قطرمیں فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کے خلاف سعودی عرب کی جیت یقینی طور پر قوم کے لیے بہت اہم اور ناقابل فراموش لمحہ تھا۔
لیکن جب بات مقامی کلب فٹ بال کی آئے تو اس کا مقابلہ کسی چیز سے نہیں ہو سکتا کہ پرتگال کا سٹار فٹ بالر سعودی لیگ کھیلنے آ رہے ہیں۔
دنیائے فٹ بال کے عظیم کھلاڑیوں کو اگلے چند ہفتوں اور مہینوں کے دوران ریاض، جدہ، دمام اور دیگر شہروں میں دیکھا جائے گا اور اسی طرح دنیا کے ہر کونے میں موجود فٹ بال شائقین ان کو سعودی عرب میں کھیلتے دیکھیں گے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ یقینی طور پر ایک ناقابل فراموش ایڈونچر ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو ریاض جائنٹس سے دو سال کے لیے کھلیں گے۔ رپورٹ کے مطابق اس کے بعد وہ رواں دہائی کے اختتام تک ایمبیسیڈر کا کردار نبھائیں کریں گے۔ 
کرسٹیانو رونالڈو کے مانچسٹر یونائیٹڈ چھوڑ کر مملکت کی فٹبال کلب النصر سے معاہدے کرنے کے بعد النصر ایف سی کی سوشل میڈیا کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر صارفین کی تعداد ساڑھے تین ملین سے زائد ہو گئی ہے۔
معروف فٹبالر کے سعودی عرب کی کلب سے معاہدہ کے تقریباً 24 گھنٹے کے اندر 25 لاکھ سے زیادہ صارفین نے النصر ایف سی کلب کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو فالو کرنا شروع کر دیا ہے۔
اس اعلان کے بعد اکاؤنٹ میں 400 فیصد اضافے سے یہ  ثابت ہوتا ہے کہ پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانورونالڈو کے پرستار انہیں ہر جگہ فالو کریں گے۔
النصر کلب نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی کرسٹیانو رونالڈو کا پرتپاک خیرمقدم کیا ہے اور اس موقع کو ' تاریخ سے بڑھ کر' قرار دیا ہے۔
پرتگال کے سٹار فٹبالر رونالڈو انسٹاگرام پر 500 ملین سے زیادہ فالوروز کے ساتھ  دنیا کے سب سے زیادہ مقبول کھلاڑی ہیں اور اگر ان میں سے 10 فیصد نے بھی النصر کلب میں ان کے کھیل کو فالو کیا تو سعودی پروفیشنل لیگ دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی لیگ میں سے ایک ہو گی۔

شیئر: