Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: رونالڈو کی ’درعیہ نائٹس‘ کے دوران لبنانی ہوٹل میں آمد

کرسٹینو رونالڈو ’درعیہ نائٹس‘ میں شرکت کے لیے آئے ہوئے تھے (فوٹو: سکرین گریب)
سٹار فٹبالر کرسٹینو رونالڈو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض منتقل ہونے کے بعد ایک لبنانی ہوٹل میں دیکھے گئے ہیں۔
’العربیہ نیٹ‘ کے مطابق حال ہی میں سعودی عرب کے النصر کلب سے معاہدہ کرنے والے کرسٹینو رونالڈو ریاض سیزن کے تحت یکم جنوری کو شروع ہونے والی ’درعیہ نائٹس‘ میں شرکت کے لیے آئے ہوئے تھے۔
اس موقعے پر ان کا استقبال سعودی عرب کے وزیرِ کھیل شہزادہ عبد العزیز بن ترکی نے کیا۔
واضح رہے کہ ’درعیہ نائٹس‘ ایونٹ یکم سے 23 فروری تک جاری رہے گا۔‘
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیرِ کھیل ان کا استقبال کر رہے ہیں۔
ایک اور ویڈیو میں سٹار فٹبالر کو درعیہ سیزن کے مشہور لبنانی ہوٹل میں کھانے کی میز پر سعودی وزیرِ کھیل کے ساتھ بیٹھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ لیجنڈری فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کو منگل کی شام مرسول پارک سٹیڈیم کے النصر کلب میں سرکاری استقبالیہ دیا گیا تھا۔
عرب نیوز اور امارات الیوم کے مطابق سعودی کلب ’النصر‘ کے سٹار کی حیثیت سے منگل کو پہلی پریس کانفرنس میں رونالڈو نے کہا تھا کہ ’مجھے اپنی زندگی کا  بڑا فیصلہ کرنے پر بہت فخر ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ امید ہے کہ ’النصر‘ کےلیے کھیلنے سے نہ صرف دنیا بھر میں سعودی فٹبال کی تصویر بلکہ مملکت کے بارے میں تاثرات بھی بدل جائیں گے‘۔
رونالڈو نے خود کو ایک ’منفرد‘ پلیئر قرار دیا اور اصرار کیا کہ ’ان کا کیریئر ابھی ختم نہیں ہوا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب آنا اچھا ہے۔ یورپ میں تمام ریکارڈ توڑ دیے اور میں یہاں بھی چند ریکارڈ توڑنا چاہتا ہوں‘۔

شیئر: