Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 سعودی عرب میں قدم رکھتے ہی بڑا جوش محسوس کیا: رونالڈو

پرتگالی سٹار نے مداحوں سے ملاقات کی اور اپنے دستخط شدہ فٹبال دیے( فوٹو ٹوئٹر النصر کلب)
پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ’ النصر‘ میں شمولیت کے معاہدے پر دستخط کے بعد باضابطہ طور پر سعودی کلب کے فٹبال سٹار کے طور پر خود کو پیش کیا اور کہا کہ’ یورپ اور شمالی امریکہ سے متعدد پیشکشوں کو رد کیا ہے‘۔
یاد رہے کہ سابق مانچسٹر یونائٹیڈ، ریال میڈرڈ اور جو وٹنیس کے فارورڈ نے سعودی کلب سے کھیلنے کےلیے ڈھائی سال کا معاہدہ کیا ہے۔
رونالڈو منگل کو ریاض کے ’مرسول پارک‘ میں افسانوی استقبالیہ تقریب کے موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کررہے تھے۔
رونالڈو استقبالیہ تقریب میں پہنچے تو بچوں کے ایک گروپ نے ان کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے مداحوں سے ملاقات کی اور اپنے دستخط شدہ فٹبال دیے۔ 
عرب نیوز اور امارات الیوم کے مطابق سعودی کلب ’النصر‘ کے سٹار کی حیثیت سے منگل کو پہلی پریس کانفرنس میں رونالڈو نے کہا ہے کہ ’مجھے اپنی زندگی کا  بڑا فیصلہ کرنے پر بہت فخر ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ امید ہے کہ ’النصر‘ کےلیے کھیلنے سے نہ صرف دنیا بھر میں سعودی فٹبال کی تصویر بلکہ مملکت کے بارے میں تاثرات بھی بدل جائیں گے‘۔
رونالڈو نے خود کو ایک ’منفرد‘ پلیئر قرار دیا اور اصرار کیا کہ ’ان کا کیریئر ابھی ختم نہیں ہوا‘۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب آنا اچھا ہے۔ یورپ میں تمام ریکارڈ توڑ دیے اور میں یہاں بھی چند ریکارڈ توڑنا چاہتا ہوں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں یہاں جیتنے، کھیلنے، لطف اندوز ہونے، ملک کی کامیابی اور اور ثقافت کا حصہ بننے آیا ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یورپ میں میرا کام مکمل ہوگیا۔ یورپ میں میرے پاس بہت سی پیشکشیں تھیں۔ برازیل، امریکہ اور آسٹریلیا یہاں تک کہ پرتگال میں بھی‘۔
’بہت سے کلبوں نے مجھے سائن کرنے کی کوشش کی لیکن میں نے النصر کلب کو بلکہ اس حیرت انگیز ملک کا حصہ بننے کےلیے اپنی زبان دی اور یہ میرے لیے ایک چیلنج تھا۔‘
 کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا تھا کہ ’میری فیملی نے یورپی ممالک میں طویل عرصے تک کھیلنے کے بعد ایشیا کا رخ کرنے پر میرا ساتھ دیا’۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’النصر کلب کا ممنون ہوں کہ جس نے مجھے یہاں کھیلنے،سپورٹس کے لیے مثبت کردار ادا کرنے اور اثر انداز ہونے کا موقع دیا‘۔
رونالڈو کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس بات سے کوئی دلچسپی نہیں کہ یورپی عوام کیا کہتے ہیں ... یہ میرا فیصلہ ہے۔ امید ہے بدھ سے النصر کے ساتھ کھیلنے کے لیے تیار ہوں گا اور کامیابی ہمارا نصیب بنے گی‘۔ 
انہوں نے کہاکہ ’میری فیملی اس فیصلےسے خوش ہے۔ ہم نے سعودی عرب میں قدم رکھتے ہی بڑا جوش محسوس کیا ہے‘۔ 
 ’سعودی پروفیشنل فٹبال لیگ اعلی معیار رکھتی ہے اور میں چیلنج قبول کرنے کے لیے تیار ہوں‘۔ 
النصر کلب کے چیئرمین مسلی آل معمر نے کہا کہ ’ پرتگالی فٹبال سٹار رونالڈو کو فٹبال کی جدید تاریخ کا سب سے اچھا کھلاڑی سمجھتا ہوں۔ سعودی عرب میں ان کی موجودگی اس بات کا پتہ دے رہی ہے کہ  سعودی سپورٹس کو نئے مرحلے کی طرف منقل کرنے کی واضح سوچ موجود ہے‘۔ 
انہوں نے کہا کہ رونالڈو کے ساتھ معاہدہ صرف فٹبال تک محدود نہیں بلکہ وہ النصر کلب کی اکیڈمی کو بھی فروغ دیں گے۔ نئے عوامی پروگراموں کا اعلان جلد ہوگا‘۔ 
النصر کلب کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’رونالڈو کے ساتھ مذاکرات کے حوالے تفصیلات آئندہ مرحلے میں منظرعام پر آئیں گی جس کے بعد تمام قیاس آرائیاں خودبخود دم توڑ دیں گی‘۔ 

شیئر: