Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چھٹیوں پر جانے والے ملازمین سے رابطہ کرنے پر 1 لاکھ کا جرمانہ ہوگا: انڈین کمپنی

کمپنی کے مطابق تمام ملازمین کو کم سے کم سال میں ایک ہفتے کی چھٹی لازمی لینی ہوگی۔ (فائل فوٹو: ڈریم 11)
انڈیا میں ایک سپورٹس کمپنی نے اپنے ملازمین کو انتباہ جاری کیا ہے کہ اگر وہ اپنے چھٹی پر جانے والے ساتھیوں سے رابطہ کرتے ہیں یا انہیں ڈسٹرب کرتے ہیں تو انہیں جرمانے کا سامنا کرنا ہوگا۔
انڈیا کے شہر ممبئی میں واقع فینٹسی سپورٹس کمپنی ’ڈریم 11‘ کے بانی بھوت شیٹھ نے ایک انٹرویو کے دوران ’سی این بی سی‘ کو بتایا کہ ملازمین کو بتایا گیا ہے کہ وہ اپنے چھٹیوں پر جانے والے ساتھیوں سے رابطہ نہیں کرسکتے اور ایسا کرنے پر انہیں ایک لاکھ روپے جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
2008 میں قائم کی جانے والی کمپنی نے اصول بنایا ہوا ہے کہ تمام ملازمین کو کم سے کم سال میں ایک ہفتے کی چھٹی لازمی لینی ہوگی۔
کمپنی کے بانی کا اپنی پالیسی کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’سال میں ایک بار آپ کو ایک ہفتے کے لیے اس تمام نظام سے علیحدہ کردیا جاتا ہے۔ نہ آپ کو ای میلز کی جاتی ہیں اور نہ کالیں کیونکہ اس سے ملازمین کو اپنے لیے وقت بھی مل جاتا ہے اور ہمیں یہ پتہ چل جاتا ہے کہ ہم اپنے کس ساتھی پر کتنا انحصار کرتے ہیں۔‘
’ڈریم 11‘ کے مطابق ملازمین کو دیا گیا یہ وقت انہیں نہ صرف تازہ دم اور پُرسکون رہنے میں مدد دیتا ہے بلکہ جب وہ واپس آفس آتے ہیں تو بہترین طریقے سے کام کرتے ہیں۔
36 سالہ بھوت شیٹھ کا کہنا ہے کہ اب تک کمپنی کی ملازمین کو چھٹیوں پر بھیجنے کی پالیسی سے ان کے کاروبار کو فائدہ ہی ہوا ہے۔
’ڈریم 11‘ کرکٹ، ہاکی، فُٹ بال، کبڈی، ہینڈ بال، باسکٹ بال، بیس بال اور رگبی جیسے کمپیوٹر اور مبائل فون گیمز بناتی ہے۔

شیئر: