Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شبمان گِل کی ڈبل سینچری لیکن بریسویل نے بھی خوب ہمت دکھائی

23 سالہ اوپنر نے 149 گیندوں پر 19 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے 208 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا نے نیوزی لینڈ کو تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں 12 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔
بدھ کے روز حیدرآباد دکن میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 349 رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے شبمان گِل نے 208 رنز بنائے جب کہ ان کے علاوہ کوئی بیٹر ففٹی بھی نہ بنا سکا۔
شبمان گِل کے علاوہ کپتان روہت شرما نے 34، سوریا کمار یادو نے 31 اور ہاردک پانڈیا نے 28 رنز بنائے ہیں۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ہینری شپلی اور ڈیرل مچل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
پنجاب سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ اوپنر نے 149 گیندوں پر 19 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے 208 رنز بنائے۔
شبمان گِل ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سینچری بنانے والے پانچویں انڈین بیٹر بن گئے ہیں۔
صرف یہی نہیں اس تاریخی اننگز کے بعد انہوں نے دنیائے کرکٹ میں ڈبل سینچری بنانے والے سب سے کم عمر کھلاڑی ہونے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔
اس سے پہلے انڈیا کے ہی ایشان کشن نے چھ ہفتے قبل بنگلہ دیش کے خلاف ڈبل سینچری بنا کر یہ اعزاز اپنے  نام کیا تھا جو اب ان کے ساتھی کھلاڑی کے پاس ہے۔
شبمان گِل کی ڈبل سینچری کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان کی خوب تعریف کی جا رہی ہے۔
سابق انڈین کرکٹر یوراج سنگھ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’ون ڈے میچ میں 200، وہ بھی اس عمر میں، کمال ہے، شبمان کے والد اور میرے لیے بہت فخر کا دن ہے، مبارک ہو، پورے ملک کو آپ پر فخر ہے۔‘
سابق انگلش کپتان مائیکل وان کہتے ہیں کہ ’چند برس قبل میں نے سوچا تھا کہ شبمان گِل میں دنیا کا سب سے بہترین کھلاڑی بننے کے آثار ہیں، لگتا ہے انہوں نے اب اس پر یقین کر لیا ہے، شاندار اننگز۔‘
کرک ٹریکر نامی ایک ہینڈل نے کہا کہ ’شبمان گِل نے ایسی باری کھیلی ہے جو برسوں یاد رکھی جائے گی۔‘
جونز نے لکھا کہ ’شبمان گِل 23 سال کے ہیں، یہ مستقبل ہیں، ایک لیجنڈ اپنے سفر میں ہے۔‘
 

شیئر: