Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’او ہو، مجھے مزید محنت کرنا پڑے گی‘ شاہ رخ خان کا ننھی فین کو جواب

بالی وُڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان اپنی بلاک بسٹر فلم ’پٹھان‘ کی ریلیز کے دوران سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کافی سرگرم نظر آ رہے ہیں۔
شاہ رخ خان اکثر ٹوئٹر پر سوال جواب کے سیشن رکھتے ہیں تاہم اس مرتبہ ایک خوش قسمت مداح کو براہ راست ٹویٹ کا ہی جواب مل گیا۔
اتوار کے روز ایک صارف نے چھوٹی بچی کی ویڈیو کنگ خان کو بھیجی جس میں وہ کہتی ہیں کہ انہیں پٹھان پسند نہیں آئی۔
اس کے جواب میں شاہ رخ خان نے کہا کہ ’او ہو، مجھے اب مزید محنت کرنا پڑے گی۔ دوبارہ سے نیا سوچتے ہیں۔ نوجوان ناظرین کو مایوس نہیں کر سکتے، ملک کی نوجوان نسل کا سوال ہے۔ اسے دل والے دلہنیا لے جائیں گے دکھائیں، شاید انہیں رومانوی فلم پسند آئے، بچوں کا کیا پتا۔
دوسری جانب باکس آفس پر پٹھان کی دھوم جاری ہے۔ فلم نے ابھی تک انڈیا بھر سے 400 کروڑ انڈین روپے کما لیے ہیں۔
 پٹھان نے 2017 میں ریلیز ہونے والی تیلگو فلم ’باہو بلی 2‘ کا 15 روز میں 400 کروڑ کا ریکارڈ توڑتے ہوئے تیز ترین 12 دنوں میں 400 کروڑ کمانے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
فلم میں شاہ رخ خان کے علاوہ جان ابراہام اور دپیکا پاڈوکون نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
شاہ رخ خان پٹھان فلم کے ذریعے بڑے پردے پر چار سال کے طویل وقفے کے بعد واپس آئے ہیں۔
اس سے پہلے ان کی 2018 میں فلم ’زیرو‘ ریلیز ہوئی تھی جو کہ باکس آفس پر فلاپ رہی تھی۔
ایکشن اور تھرلر سے بھرپور پٹھان اِس وقت کی غیر معمولی فلم ثابت ہو رہی ہے۔ اس نے نہ صرف آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے بعد چلنے والی مضبوط بائیکاٹ بالی وُڈ مہم کو ناکام بنایا ہے بلکہ ہندی فلم انڈسٹری پر چھائے مایوسی کے بادلوں کو بھی یہ فلم ہٹانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
رواں سال شاہ رخ خان کی دو مزید فلمیں بھی ریلیز ہوں گی۔
ان کی دوسری فلم ’جوان‘ کے نام سے ہے جس کی ہدایتکاری جنوبی انڈیا کے ڈائریکٹر ایٹلی کمار نے کی ہے۔ یہ فلم دو جون کو ریلیز کی جائے گی۔
اس کے بعد سال کے آخر میں کنگ خان راج کمار ہیرانی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’ڈنکی‘ ریلیز کریں گے۔ یہ فلم کرسمس کے موقع پر سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

شیئر: