Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی سی سی رینکنگ میں انڈیا کی حکمرانی، تینوں فارمیٹس میں پہلے نمبر پر آگیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی رینکنگ میں انڈین ٹیم کی حکمرانی جاری ہے۔
انڈیا نے آئی سی سی کی ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 رینکنگ میں پہلا نمبر حاصل کر لیا ہے۔
انڈیا تینوں فارمیٹس میں ایک ہی وقت پر پہلے نمبر پر آنے والی دنیا کی دوسری اور ایشیا کی پہلی ٹیم بھی بن گئی ہے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں فتح نے انڈیا کو ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچا دیا جس کے بعد انڈیا تمام فارمیٹس کی نمبر ون ٹیم بن گئی ہے۔
اگر انڈیا آسٹریلیا کے خلاف 17 فروری سے نئی دہلی میں شروع ہونے والا دوسرا ٹیسٹ میچ بھی جیت جاتا ہے تو ٹیسٹ رینکنگ میں اس کی پہلی پوزیشن مزید مستحکم ہو جائے گی جبکہ چار ٹیسٹ میچز کی سیریز 1-3 سے جیتنے پر ٹیم انڈیا آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں بھی پہنچ جائے گی۔
اگر آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ کو دیکھا جائے اس وقت انڈیا 115 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔
اسی طرح ون ڈے فارمیٹ کی رینکنگ میں انڈیا 114 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے جب کہ ٹی20 فارمیٹ میں بھی انڈیا کا 267 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلا نمبر ہے۔
ناگپور ٹیسٹ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر انڈٰین کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بھی ترقی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
میچ میں آٹھ وکٹیں لینے والے آف سپنر روی اشون بولرز کی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ آل راؤنڈر رویندرا جڈیجہ سات وکٹیں حاصل کرنے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں آل راوںڈرز کی رینکنگ میں پہلے اور بولرز کی رینکنگ میں 16 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
اس طرح پہلے ٹیسٹ میں عمدہ بیٹنگ کرنے والے اکشر پٹیل بھی ٹیسٹ آل راؤںڈرز کی رینکنگ میں ساتویں جب کہ سینچری بنانے والے کپتان روہت شرما بیٹرز کی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ٹیم انڈیا گزشتہ کچھ سالوں سے ٹیسٹ فارمیٹ بالخصوص ہوم ٹیسٹ سیریز میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
خیال رہے گزشتہ دس سالوں کے دوران انڈیا اپنے گھر میں صرف دو ٹیسٹ میچز ہارا ہے۔

شیئر: