Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیس بُک پر قتل کا اعتراف کرنے والا انڈین گینگسٹر گرفتار

دیپک باکسر اگست 2022 سے ایک بلڈر کو قتل کر کے روپوش ہوگیا تھا۔ (فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے)
انڈین دارالحکومت نئی دہلی کے ’انتہائی مطلوب گینگسٹر‘ دیپک باکسر کو میکسیکو میں گرفتار کرلیا گیا ہے اور انہیں رواں ہفتے انڈیا منتقل کیا جائے گا۔
’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق دیپک باکسر کو دہلی پولیس کی ایک ٹیم نے امریکی تحقیقاتی ادارے فیڈل بیورو آف انویسٹیگیشن (ایف بی آئی) کی مدد سے میکسیکو میں گرفتار کیا۔
تفتیش سے جُڑے ایک افسر کے مطابق ’ایک یا دو دن میں گینگسٹر کو انڈیا لایا جائے گا۔ یہ دہلی کے انتہائی مطلوب گینگسٹرز میں سے ایک ہے جو جعلی پاسپورٹ پر انڈیا سے فرار ہوا۔
ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ دہلی پولیس نے کسی مجرم کو انڈیا سے باہر گرفتار کیا ہو۔ پولیس کے مطابق دیپک باکسر 29 جنوری کو روی انٹل کے نام سے بنائے گئے جعلی پاسپورٹ پر کلکتہ ایئرپورٹ سے فرار ہوئے تھے اور ان کی گرفتاری کے لیے تین لاکھ روپے کا انعام بھی رکھا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق دیپک باکسر اگست 2022 سے ایک بلڈر کو قتل کر کے روپوش ہوگیا تھا۔ امت گپتا نامی بلڈر کو کئی گولیاں مار کر دہلی کے علاقے سول لائنز میں قتل کیا گیا تھا۔
’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق دیپک باکسر نے ایک فیس بُک پوسٹ میں امت گپتا کو قتل کرنے کی ذمہ داری قبول کی تھی اور کہا تھا کہ قتل کی وجہ بھتے کی وصولی نہیں تھی بلکہ انتقام تھا۔
فیس بُک پوسٹ کے مطابق بلڈر ان کے مخالف گروہ کے رُکن تھے اور ان گروہ کے مالی اخراجات بھی اٹھایا کرتے تھے۔
دیپک باکسر بدنام زمانہ ’گوگی گینگ‘ کے سربراہ جیتندر گوگی کی موت کے بعد اس گروپ کے نئے لیڈر بنے تھے۔ جیتندر گوگی کو 2021 میں مخالف گروہ کے کارندوں نے کورٹ کے اندر قتل کیا تھا۔
جیتندر گوگی کو قتل کرنے والے افراد عدالت میں وکلاء کے کالے لباس پہن کر داخل ہوئے تھے۔

شیئر: