Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مسافر کا نامناسب رویہ‘، ایئر انڈیا کی پرواز ایئرپورٹ پر واپس اُتار لی گئی

ایئر انڈیا کی پرواز دہلی سے لندن جا رہی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
طیارے کے عملے کے ساتھ ’مسافر کے نامناسب رویے‘ کی وجہ سے لندن کے لیے ایئر انڈیا کی پرواز دہلی ایئرپورٹ پر واپس اتار دی گئی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ایئر انڈیا نے کہا ہے کہ مسافر کو طیارے سے اتار کر اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
ایئر انڈیا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے لیے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد ایک مسافر نے عملے کے دو ارکان کے ساتھ نامناسب رویہ رکھا جس کی وجہ سے پائلٹ نے دہلی ایئرپورٹ واپسی کی اور مسافر کو سکیورٹی اہلکاروں کے حوالے کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارے میں سب کی ’حفاظت، سکیورٹی اور احترام اور وقار‘ ایئر انڈیا کے لیے اہم ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مسافر کے نامناسب رویے پر افسوس ہے۔ طیارہ لندن کے لیے دوپہر کو روانہ کر دیا جائے گا۔
سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹریٹ جنرل کے مطابق ایئر انڈیا کے بوئنگ 787 نے صبح تقریباً ساڑھے چھ بجے اڑان بھری اور دہلی ایئرپورٹ پر پونے دس بجے واپسی کی۔
سول ایوی ایشن کی جانب سے بھی واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔
فروری میں ایک انٹرویو میں ایئر انڈیا کے سی ای او کیمپ بیل ولسن نے کہا تھا کہ ’ڈیوٹی کے دوران طیارے کے عملے کو اکثر جسمانی اور زبانی بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘
ان کے مطابق ایسا کوئی دن نہیں ہوتا کہ ہمیں مسافروں کے نامناسب رویے سے متعلق شکایت نہ ملتی ہو۔

شیئر: