Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ ایک شاندار ٹورنامنٹ ہے‘، سٹیو سمتھ بھی پی ایس ایل کھیلنے کے خواہش مند

آسٹریلیا کے سٹار بیٹر سٹیو سمتھ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
سٹیو سمتھ نے پیر کے روز فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بتایا کہ وہ پی ایس ایل کھیلنے کے لیے ضرور آنا چاہیں گے۔
انسٹاگرام پر مداحوں نے سٹیو سمتھ سے مختلف سوالات پوچھے جن کے انہوں نے جوابات دیے۔
اسی دوران ایک صارف کی جانب سے پوچھا گیا کہ ’آپ پی ایس کھیلنے کب آئیں گے؟‘
اس کے جواب میں دائیں ہاتھ کے بیٹر نے کہا کہ ’میں کسی وقت پی ایس ایل کھیلنے ضرور آنا چاہوں گا۔ میرے خیال سے یہ ایک شاندار ٹورنامنٹ ہے۔‘
1998 کے بعد گذشتہ برس پہلا موقع تھا کہ آسٹریلوی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور سٹیو سمتھ اُن کھلاڑیوں میں شامل تھے جو اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ کوئی بھی میچ کھیلنے پاکستان آئے تھے۔
اس سے قبل 2021 میں بھی سٹیو سمتھ پی ایس ایل کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کر چکے ہیں۔
جب ان سے انسٹاگرام پر پوچھا گیا تھا کہ ’مستقبل میں پی ایس ایل کھیلنے کا کوئی ارادہ ہے؟‘
اس کے جواب میں انہوں نے کہا تھا کہ ’یہ بہت اچھے مقابلے لگتے ہیں لہذا امید ہے ایک دن ضرور کھیلنے آؤں گا۔‘

سٹیو سمتھ نے کہا کہ وہ  کسی وقت پی ایس ایل کھیلنے ضرور آنا چاہیں گے کونکہ یہ ایک شاندار ٹورنامنٹ ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

رواں برس آئی پی ایل نہ کھیلنے کی وجہ بتاتے ہوئے سمتھ کہتے ہیں کہ ’میں نے اس سال کی بولی میں اپنا نام نہیں ڈالا تھا کیونکہ یہ سال آسٹریلوی کرکٹ کے لیے کافی مصروفیت والا ہے۔ میں اگلے سال اپنا نام ڈالوں گا اور امید ہے  کوئی مجھے خرید لے گا تو بہت اچھا ہوجائے گا۔‘
انسٹاگرام سیشن میں انہوں نے اپنے پسندیدہ انڈین گانوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ’آئی پی ایل کی افتتاحی تقریب میں ارجیت سنگھ بہت شاندار تھے۔‘
واضح رہے 2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن میں بال ٹیمپرنگ کے جرم میں کرکٹ آسٹریلیا نے سٹیو سمتھ، کیمرون بینکرافٹ اور ڈیوڈ وارنر پر ایک سال کی پابندی عائد کر دی تھی۔
اس وقت سمتھ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان تھے اور اس واقعے کے بعد انہیں کپتانی سے بھی ہاتھ دھونا پڑا تھا تاہم پابندی ختم ہونے کے بعد وہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں وہ بطور کھلاڑی واپس آئے تھے۔
وہ آسٹریلیا کی جانب سے 96 ٹیسٹ، 142 ون ڈے اور 63 ٹی20 میچز کھیل کر بالترتیب آٹھ ہزار 292، چار ہزار 939 اور 1008 رنز بنا چکے ہیں۔

شیئر: