Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایرانی وفد کی سعودی عرب میں سفارتخانہ کھولنے کی تیاری کے لیے ریاض آمد

سعودی عرب اور ایران نے اپنے سفارتی مشنز دوبارہ کھولنے پر رضامندی ظاہر کی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
ایرانی وفد سعودی عرب میں دوبارہ سفارت خانہ اور قونصلیٹ کھولنے کے حوالے سے بات چیت کرنے کے لیے بدھ کو دارالحکومت ریاض پہنچا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق بدھ کو ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ’ایرانی ریاض اور جدہ میں سفارت خانہ اور قونصلیٹ جنرل کھولنے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔‘
اس سے قبل سنیچر کو تہران میں سفارت خانہ اور مشہد میں قونصل خانہ کھولنے کے لیے سعودی حکام ایران گئے تھے۔
سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ ’چین کے تعاون سے سعودی عرب اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے بعد دونوں ممالک اپنے اپنے سفارت خانے دوبارہ کھول رہے ہیں۔‘
سعودی عرب اور ایران نے رواں برس مارچ میں سفارتی اختلافات ختم کرتے ہوئے اپنے سفارتی مشنز دوبارہ کھولنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے دونوں ممالک کے تعلقات کی بحالی کا معاہدہ کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، سعودی عرب نے 2016 میں ایران سے سفارتی تعلقات منقطع کردیے تھے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی حکام کا سنیچر کے روز کیا گیا یہ دورہ سہ فریقی معاہدے پر عمل درآمد کا حصہ ہے جس پر چین کی میزبانی میں سعودی عرب اور ایران نے اتفاق کیا تھا۔
ایک مشترکہ بیان کے مطابق ’دونوں فریقوں نے بیجنگ معاہدے پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا جس سے باہمی اعتماد اور تعاون کے شعبوں کو وسعت ملے اور خطے کی سلامتی، استحکام اور خوش حالی میں مدد ملے۔‘
جمعرات کو جب سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہ نے بیجنگ میں ملاقات کی تو انہوں نے خلیجی خطے میں سلامتی اور استحکام لانے کے عزم کا اظہار کیا۔

شیئر: