Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شام کی وحدت اور بحران کا سیاسی حل چاہتے ہیں: عرب وزرائے خارجہ

’وزرائے خارجہ نے اسرائیل کی طرف سے اشتعال انگیز اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے‘ ( فوٹو: واس)
جدہ میں خلیجی اور عرب وزرائے خارجہ کے مشاورتی اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری ہوا ہے جس میں شام کی وحدت اور بحران کے سیاسی حل پر زور دیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق خلیجی تعاون کونسل، مصر، عراق اور اردن کے وزرائے خارجہ کا کل جمعہ کوجدہ میں مشاورتی اجلاس ہوا۔
وزرائے خارجہ نے فلسطین کو قضیہ اول قرار دیتے ہوئے اسرائیل کی طرف سے اشتعال انگیز اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزرائے خارجہ نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے عالمی قرار دادوں پر عملدرآمد پر زور دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں الگ ریاستوں کا قیام ہوگا نیز فلسطین کی آزاد اور خودمختار ریاست ہوگی جس کا دار الحکومت مشرقی بیت المقدس قرار دیا گیا ہے۔
وزرائے خارجہ نے بیت المقدس کی بے حرمتی پر اسرائیل کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری کو مسلمان کے جذبات مجروح کرنے والے اقدامات پر متحرک ہونا چاہئے۔
شام کے حوالے سے وزرائے خارجہ نے اس بات کی اہمیت پر زور دیا ہے کہ تمام شامی پناہ گزینوں کو اپنے گھروں میں واپس جانے دیا جائے۔
شام میں امن و استحکام کے لیے مسئلہ کا سیاسی حل تلاش کیا جائے نیز شام کی وحدت کو برقرار رکھا جائے۔
وزرائے خارجہ نے دہشت گردی اور منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دیا اور شام کی پوری سرزمین پر حکومتی رٹ بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
 

شیئر: