Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طورخم: پہاڑی تودہ گرنے سے پاک افغان شاہراہ بند، تین افراد ہلاک

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں طورخم سرحد کے قریب پیر کی رات گئے پہاڑی تودہ گرنے کی وجہ سے 20 سے زائد کنٹینر دب گئے جبکہ 8 زخمیوں کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
پاک افغان سرحد طورخم پر رات کو دو بجے کے قریب لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کی وجہ سے شاہراہ پر کھڑی متعدد گاڑیاں ملبے کے نیچے دب گئیں، حادثے میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر کے ترجمان کے مطابق ضلعی انتظامیہ، ریسکیو، پولیس اور دیگر ادارے موقع پر موجود ہیں تاہم امدادی سرگرمیوں کے لیے پشاور اور نوشہرہ سے بھاری مشینری طلب کر لی گئی ہے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ پاک افغان شاہراہ مکمل بند ہے اور ریسکیو آپریشن مکمل کرنے اور روڈ کلیئر کرنے کے بعد کھول دی جائے گی۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال فیضی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ملبے سے اب تک 8 افراد کو نکالا گیا ہے جن کو طبی امداد فراہم کر کے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ تین لاشیں نکالی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ سے 20 سے زائد بڑی گاڑیاں ملبے میں دبی ہیں جن میں کنٹینراور مال بردار گاڑیاں شامل ہیں۔
’اس وقت ہیوی مشینری کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے اور کوشش کر رہے ہیں کہ ملبے میں موجود افراد کو زندہ نکالیں۔‘
پہاڑ کا تودہ گرنے کے باعث کچھ گاڑیوں میں آگ لگ گئی تھی جس پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے قابو پا لیا۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق ملبے سے نکالے گئے زیادہ تر زخمی ڈرائیور اور کنڈکٹر ہیں۔
مقامی شہری علی شنواری نے اردو نیوز کو بتایا کہ پہاڑ کا بڑا حصہ سرک چکا ہے جس سے مالی نقصان بہت ہوا ہے تاہم ملبے کے نیچے کتنے افراد موجود ہیں اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ طورخم پر تعمیراتی کام اور افغانستان کی جانب سے سرحد کی 10 گھنٹے بندش کی وجہ سے کئی دنوں سے کنٹینر سڑک پر کھڑے تھے، اگر بارڈر کھلا ہوتا تو اس لینڈ سلائیڈنگ کا نقصان نہ ہوتا۔

شیئر: