Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قنفذہ میں پانچ روزہ 12واں آم میلہ آئندہ ہفتے ہوگا

میلے کا افتتاح القنفذہ کے کمشنر محمد القباع کریں گے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
مکہ میں وزارت ماحولیات و پانی و زراعت کے ڈائریکٹر جنرل انجینیئر ماجد الخلیف نے کہا ہے کہ قنفذہ کمشنری میں آم کا 12واں میلہ 9 مئی 2023 کو شروع ہو گا۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق انجینیئر ماجد الخلیف نے بتایا کہ آم میلے کی سرپرستی گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل کریں گے۔ افتتاح القنفذہ کے کمشنر محمد القباع کریں گے۔ کورنیش کلچرل سینٹر میں منعقدہ میلہ پانچ دن تک جاری رہے گا۔
انجینیئر حسن المعیدی کے مطابق یہاں تین ہزار سے زیادہ کاشتکاروں نے آم کے باغات لگائے ہوئے ہیں جن سے سالانہ 45 ہزار ٹن سے زیادہ آم کی فصل کاشت کی جاتی ہے۔ مئی کے شروع سے القنفذہ کے کاشتکار آم مارکیٹ کو فراہم کرنا شروع کر دیتے ہیں جس کا سیزن تین ماہ تک رہتا ہے۔ 
المعیدی نے توجہ دلائی کہ القنفذہ میں آم کے چار لاکھ  85 ہزار سے زیادہ درخت ہیں۔ یہاں مختلف قسم کےآموں کی کاشت ہو رہی ہے۔ یہاں کے مشہور آموں میں التومی، الجلن، البلدی، السانسیشن، الھندی اور السودانی قابل ذکر ہیں۔ 
یاد رہے کہ مکہ کی القنفذہ کمشنری میں آموں کی کاشت کا آغاز نصف صدی قبل ہوا تھا۔ 1431ھ  مطابق 2009 سے القنفذہ میں آموں کے میلے منعقد کیے جا رہے ہیں، اب تک 11 منعقد ہو چکے ہیں۔ 

شیئر: