Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حج کے لیے معاونین کی تربیت کا آغاز، مکہ و مدینہ میں 14 ڈسپنسریاں قائم ہوں گی‘

پاکستان کے وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود کا کہنا ہے کہ ’حج 2023 کے لیے معاونین کی تربیت کا آغاز کردیا گیا ہے، مکہ و مدینہ میں مرکزی ہسپتال سمیت 14 ڈسپنسریاں قائم کی جائیں گی۔‘
سینیٹر طلحہ محمود کی زیرصدارت حج انتظامات اور معاونین کی تربیت کے حوالے سے بدھ کو اسلام آباد میں اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ معاونین کی تربیت اور مشقوں کا اہتمام حاجی کیمپ اسلام آباد میں کیا گیا ہے۔
وزیر مذہبی امور نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’جدہ و مدینہ ایئرپورٹس پر پاکستانی عازمین کے لیے استقبالیہ ڈیسک جبکہ شعبہ گمشدگی و بازیابی، رہنمائی اور شکایات کے سیل قائم کیے جائیں گے۔‘
 ’رہائش خوراک و سفری سہولیات اور نجی حج سکیم کی مانیٹرنگ کے شعبے قائم کیے جائیں گے، معاونین حج وفاقی و صوبائی سول سیکریٹریٹ ملازمین، رینجرز، پولیس اور 1122 پر مشتمل ہے۔‘
سینیٹر طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ ’حج میڈیکل مشن 500 تجربہ کار افراد پر مشتمل ہے جس میں آرمی و سول ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف شامل ہے۔‘
’میڈیکل مشن میں 180 ڈاکٹرز اور 320 پیرامیڈیکل سٹاف شامل ہے، مفت ادویات، ایکسرے، لیبارٹری اور پاکستانی طبی عملہ 24 گھنٹے دستیاب ہو گا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ملک بھر سے 550 بہترین معاونین حج کا انتخاب کیا گیا ہے، وزارت کے 220 افسران اور ملازمین بھی عازمین کی معاونت کریں گے۔‘
ڈائریکٹر معاونین سجاد یلدرم نے بتایا کہ ’معاونین کو سعودی قوانین کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے، خدام کو موسم اور سفری سختیوں سے نمٹنے کی تربیت دی جا رہی ہے۔‘
’عازمین حج کی آسانی کے لیے وزارت مذہبی امور تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ عازمین سے درخواست ہے کہ مقاماتِ مقدسہ میں صفائی کا خاص خیال رکھیں۔‘

شیئر: