Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اے آر رحمان کے کنسرٹ کو روکنے کی پولیس انسپکٹر نے وجہ بتا دی

پولیس افسر نے کہا کہ ’میں نے صرف اپنا فرض نبھایا ہے، مزید کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا‘ (فوٹو: سکرین گریب)
انڈیا کے شہر پُونے میں معروف موسیقار اے آر رحمان کے کنسرٹ کو روکنے والے پولیس افسر نے اس کی وجہ بتا دی ہے۔
اپنے انٹرویو میں پولیس افسر سنتوش پاٹِل نے کہا ہے کہ ’انہوں نے صرف اپنی ڈیوٹی کی ہے۔‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’میں نے انتظامیہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن اُن کی جانب سے جب کوئی جواب موصول نہیں ہوا تو مجھے خود سٹیج پر جانا پڑا۔‘
گذشتہ ہفتے اے آر رحمان کا کنسرٹ شو دیے گئے وقت (رات 10 بجے) سے تجاوز کرنے کے بعد درمیان میں ہی روک دیا گیا تھا۔      
ممبئی مِرَر سے بات کرتے ہوئے سنتوش پاٹل نے کہا کہ ’میں نے صرف اپنا فرض نبھایا ہے۔ میں اس پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔‘
’باقی، بطور پولیس افسر میں میڈیا کو انٹرویو نہیں دینا چاہتا۔ سپریم کورٹ نے 10 بجے کی ڈیڈ لائن دی ہوئی ہے جس کے بعد اُونچی آواز میں میوزک چلانے کی اجازت نہیں ہے۔‘
پولیس افسر نے کہا کہ ’میں نے انتظامیہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔‘
اس کے بعد مجھے سٹیج پر جانا پڑا اور رحمان اور بقیہ موسیقاروں سے کہنا پڑا کہ میوزک روک دیں۔ میرے پاس کوئی اور آپشن نہیں تھا کیونکہ کنسرٹ مقررہ وقت سے آگے جا چکا تھا۔‘
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر  اے آر رحمان نے ویڈیو شیئر کی جس میں پولیس افسر کو سٹیج پر دیکھا جا سکتا ہے۔ موسیقار نے اسے ’راک سٹار مومنٹ‘ کہا۔
اس ویڈیو میں اے آر رحمان کو باقی موسیقاروں کے ساتھ پرفارم کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب وہ پرفارم کر رہے ہوتے ہیں تو پولیس افسر سٹیج پر آتے ہیں اور اُن کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔
جس وقت یہ واقعہ پیش آیا تب کنسرٹ کے بیک گراؤںڈ میں مشہور فلم ’راک سٹار‘ کا گانا ’ساڈا حق‘ بج رہا تھا۔

شیئر: