Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمریٹس اور اتحاد میں معاہدہ، مسافروں کو کسی بھی ایئرپورٹ سے آنے جانے کی اجازت

اس معاہدے کے تحت ابتدائی طور پر یورپ اور چین سے آنے مسافروں کو سہولت دی جائے گی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کی ایئرلائنز ایمریٹس اور اتحاد ایئرویز نے ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت مسافر سنگل ٹکٹ کے ذریعے ایک سے زیادہ مقامات سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
عرب نیوز کے مطابق اس معاہدے کے تحت مسافر دبئی یا ابوظبی کے لیے سنگل ٹکٹ بُک کر سکیں گے اور کسی دوسرے ایئرپورٹ سے واپس آسکیں گے۔
مسافروں کو آزادی حاصل ہوگی کہ وہ اپنی سہولت کے تحت اپنے سفر کا پلان بنا سکیں۔
ایمریٹس کے صدر ٹِم کلارک نے کہا کہ ’ہمیں اتحاد ایئرویز کے ساتھ دوبارہ کام کر کے خوشی ہو رہی ہے۔ دونوں ایئرلائنز یو اے ای آمد اور روانگی کے لیے بہترین آپشنز دے رہی ہیں جس سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔‘
اس معاہدے کے تحت ابتدائی طور پر یورپ اور چین سے آنے مسافروں کو سہولت دی جائے گی۔
اتحاد ایئرویز کے سی ای او انتونو آلدو نِیوز کا کہنا تھا کہ ’ہمارے معاہدے سے مسافروں کو سہولت ہو گی کہ وہ ایک ٹکٹ پر دبئی اور ابوظبی کے سفر سے لطف اندوز ہو سکیں۔ مسافروں کے لیے یہ ہر لحاظ سے بہترین آپشن ہے۔‘
جمعرات کو ایمریٹس کے چیف کمرشل آفیسر عدنان کاظم اور اتحاد کے چیف آپریٹنگ آفیسر محمد البلوکی نے دبئی میں اس معاہدے پر دستخط کیے۔
دونوں ایئرلائنز کی شراکت یو اے ای میں سیاحت کو فروغ دینے اور اسے سیاحت کے لیے چوٹی کے ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔

شیئر: