Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کافی کریمر میں 80 لاکھ سے زیادہ نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش ناکام 

نشہ آور گولیاں وصول کرنے والے پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں محکمہ انسداد منشیات کے ترجمان مروان الحازمی نے کہا ہے کہ’ 80 لاکھ سے زیادہ نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی ہے‘۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ترجمان نے بتایا کہ ’سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں کو منشیات کی سمگلنگ کی اطلاع ملی تھی اور وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے تھے‘۔
 ترجمان نے کہا کہ ’کافی کریمر کے ڈبوں میں  82 لاکھ 80 ہزار 78 نشہ آور گولیاں چھپا کر سمگل کی کوشش کی گئی‘۔
محکمہ انسداد منشیات کے ترجمان نے بتایا کہ ’نشہ آور گولیاں وصول کرنے والے پانچ افراد کو ریاض ریجن میں گرفتار کرلیا گیا۔ ان میں سے دو باقاعدہ طور پر مقیم تھے جبکہ ایک شام سے ویزے پر تھا اور اس کی میعاد ختم ہوگئی تھی‘۔
’دو پاکستانیوں کو بھی حراست میں لیا گیا۔ پانچوں ملزمان کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دیا گیا ہے‘۔ 
سیکیورٹی فورسز نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سےاپیل کی کہ اگر ان کے علم میں نشہ آور اشیا کی سمگلنگ یا کاروبار کے حوالے  سے کوئی سرگرمی آئے تو پہلی فرصت میں رپورٹ کریں۔

شیئر: