Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عازمین حج قربانی کے اضافی پیسے ادا نہیں کریں گے: وزیر مذہبی امور

وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں سال پاکستان کو ایک لاکھ 79 ہزار حاجیوں کا کوٹہ ملا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ حج 2023 کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور سرکاری سکیم کے تحت جانے والے عازمین قربانی کے اضافی پیسے ادا نہیں کریں گے۔
اتوار کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ’حج 2023 کے حوالے سے بعض امور تاخیر کا شکار تھے مگر دن رات محنت کر کے تمام تر انتظامات اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال حج آسان تھا۔‘
’گذشتہ سال سرکاری کوٹے کے تحت 34 ہزار اور پرائیوٹ سکیم کے تحت 47 ہزار عازمین نے فریضہ حج کی سعادت حاصل کی تھی، اسی طرح دنیا بھر سے 8 لاکھ 50 ہزار افراد حج کے لیے آئے تھے۔ اس سال صورتحال مختلف ہے، رواں سال پوری دنیا سے 20 لاکھ افراد فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے، جبکہ 10 لاکھ کے قریب مقامی لوگ بھی ہوں گے، اس لیے گذشتہ سال کی طرح رواں سال حج مشکل ہوگا، تاہم میں یقین دلاتا ہوں کہ انتظامات اور سہولیات کے حوالے سے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔‘
سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ رواں سال پاکستان کو ایک لاکھ 79 ہزار حاجیوں کا کوٹہ ملا ہے، 85 ہزار عازمین سرکاری اور 89 ہزار نجی شعبے کے تحت حج ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حج کے لیے انتظامات کے حوالے سے دن رات محنت کی گئی ہے، وزارت کا عملہ مسلسل مصروف ہے، ان کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ میڈیا کسی بھی کمی کی نشاندہی کرے اس کا ازالہ کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ’اس سال حج کے لیے اخراجات 11 لاکھ 75 ہزار روپے تھے، ہم نے کوشش کی ہے کہ اس میں کمی لائی جائے۔ سرکاری سکیم کے تحت حج کرنے والے افراد قربانی کے لیے اضافی پیسے ادا نہیں کریں گے، اس کے لیے طریقہ کار وضع کر لیا گیا ہے۔‘

شیئر: