Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عازمین حج کی رہائش پر آب زمزم کی فراہمی کے لیے ای پلیٹ فارم 

زمزم پلیٹ فارم کے ذریعے عازمین حج کی رہائش کا اندراج ہو گا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں الزمازمہ کمپنی نے عازمین حج کی رہائش تک آب زمزم کی بوتلیں مسلسل پہنچانے کے لیے ای پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق الزمازمہ کمپنی کے نائب سربراہ ریان زمزمی نے بتایا کہ ’زمزم پلیٹ فارم کے ذریعے عازمین حج کی رہائش کے پتے کا  اندراج ہو گا اور تمام ڈیٹا محفوظ کیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وزارت حج و عمرہ کے سینٹرل حج پورٹل کے ذریعے ڈیٹا کی تصدیق کی جائے گی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’عازمین کی رہائش کی ’ڈیجیٹل ہاؤس نمبرنگ‘ ہو گی ۔ آب زمزم کی فراہمی کے حوالے سے پورے حج سیزن میں اسی ای پلیٹ فارم پر انحصار کیا جائے گا۔‘ 
یہ پلیٹ فارم انٹرنیٹ کے بغیر بھی کام کرے گا تاکہ کسی تاخیر کے بغیر زمزم کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہ سکے۔ 
الزمازمہ کمپنی کے نائب سربراہ کا کہنا تھا کہ ’عازمین کو اپنی رہائش پر آب زمزم کی وصولی یقینی بنانے کے لیے ضروری ہوگا کہ پہلے ای پلیٹ فارم پر اندراج کرائیں۔ پھر کنٹرول سینٹر سے رابطہ کریں پھر انہیں ایک تصدیقی پیعام موصول ہو گا۔‘
’عازمین حج کے انچارج اور گاڑی کے ڈرائیور کے درمیان تعاون سے زمزم کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔ ہر آٹھ گھنٹے میں آب زمزم کی فراہمی کے حوالے سے رپورٹ جاری کی جائے گی۔‘ 

شیئر: